سوپور میں فوج کی گشتی پارٹی پر جنگجوﺅں کا حملہ،اہلکار زخمی

سرینگر// شمالی کشمیر کے سوپور میں بدھ کے روز جنگجوﺅں نے فوج کی ایک گشتی پارٹی پر گولیاں چلائیں۔یہ واقعہ ہائیگام علاقے میں پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہوگیا۔ حکام نے تاہم فوجی اہلکار کے زخمی ہونے کی تصدیق نہیں کی ہے  اطلاعات کے مطابق مذکورہ گشتی پارٹی کا تعلق فوج کی 52آر آر سے تھا۔ اطلاعات کے مطابق فورسز نے واقعہ کے بعد علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے60963متاثرین کا اضافہ

نئی دہلی// ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے قہرکے درمیان اس جان لیوا وبا سے شفایابی حاصل کرنے والوں کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 56 ہزار سے زیادہ افراد کی شفایابی کے بعد اب تک تقریبا 16.40 لاکھ صحت مند ہوئے ہیں۔  بدھ کے روز صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں 56110افراد جان لیوا وائرس سے شفا یاب ہوئے ہیں جس سے صحت مند افراد کی مجموعی تعداد 1639600ہوگئی ہے۔  اسی عرصہ کے دوران60963افراد جان لیوا وبا کی زد میں آئے ہیں ، جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 663948ہوچکی ہے اور834 اموات سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 46091ہوگئی ہے۔  

پلوامہ تصادم میں حزب کمانڈر آزاد لیلہ ہاری جاں بحق:پولیس سربراہ

سرینگر//ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے بدھ کو بتایا کہ پلوامہ میں تصادم میں جو جنگجو جاں بحق ہوگیا وہ حزب المجاہدین کا ایک کمانڈر ، آزاد لیلہ ہاری تھا۔ نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق دلباغ سنگھ نے کہا کہ آزاد لیلہ ہاری پولیس کانسٹیبل انوپ سنگھ کی ہلاکت میں ملوث تھا جس کو22مئی2020کے روز پرژھو پلوامہ میں ہلاک کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد پہلے پی ایس اے کے تحت گرفتار بھی تھا اور وہ جنگجوﺅں کا بالائے زمین کارکن بھی رہا ہے۔  یاد رہے کہ کامرازی پورہ پلوامہ میں آج صبح ایک مختصر تصادم میں ایک فوجی اہلکار بھی ہلاک ہوگیا۔  

جموں کشمیر میں مزید7افراد کورونا وائرس سے جاں بحق

سرینگر//جموں کشمیر میں بدھ کے روز کورونا وائرس سے مزید7افراد جاں بحق ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق آج جاں بحق ہونے والوں میں25سالہ شہری ساکن ڈھنگی وچھہ بارہمولہ،لالبازار سرینگر کا78سالہ شہری،رعناواری سرینگر کا68سالہ شہری،نواب بازار سرینگر کا60سالہ شہری،مرہامہ اننت ناگ کا50سالہ شہری اور لارکی پورہ اننت ناگ کی ایک50سالہ خاتون شامل ہیں۔ اس کے علاوہ آج کورونا سے جاں بحق ہونے والوں میں65سالہ بکتورگریز کا ایک شہری بھی شامل ہے۔  کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں اضافے سے عوامی حلقوں میں تشویش پیدا ہورہی ہے۔  

شمالی کشمیر کے حاجن میں لشکر جنگجو گرفتار

سرینگر//سیکورٹی فورسز نے بدھ کو شمالی کشمیر میں بانڈی پورہ ضلع کے حاجن میں لشکر طیبہ سے وابستہ ایک جنگجو کو گرفتار کیا۔ نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق 13آر آر سے وابستہ فوج اور پولیس اہلکاروں نے لشکر سے وابستہ جنگجو کی گرفتاری عمل میں لائی۔ گرفتار جنگجو کی شناخت جہانگر عرف عاقب ساکن کرالہ گنڈ ہندوارہ کے طور ہوئی ہے۔

پلوامہ میں فائرنگ کی جگہ سے جنگجو کی لاش بر آمد

سرینگر//جنوبی ضلع پلوامہ میں اُس مقام سے ایک جنگجو کی لاش بر آمد ہوئی ہے جہاں بدھ کی صبح فورسز اور جنگجوﺅں کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا تھا۔ یہ واقعہ ضلع کے کامرازی پورہ علاقے میں پیش آیا اور اس میں ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ جاں بحق جنگجو کی شناخت تاہم فوری طور پر معلوم نہیں ہوئی ہے۔ نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں فورسز آپریشن جاری تھا۔   اس سے قبل کامرازی پورہ میں فورسز کے تلاشی آپریشن کے دوران جنگجوﺅں اورفورسز کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا۔  

پلوامہ میں فورسز آپریشن کے دوران جنگجوﺅں کی فائرنگ سے فوجی اہلکار ہلاک، دوسرا زخمی

سرینگر//جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں بدھ کی صبح جنگجوﺅں اور فورسز کے مابین گولیوں کے تبادلے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ یہ واقعہ ضلع کے کامرازی پورہ علاقے میں پیش آیا جہاں فورسز نے تلاشی آپریشن شروع کیا تھا اور جس کے دوران جنگجوﺅں نے فورسز پر گولیاں چلائیں۔ نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق اس موقع پر طرفین کے درمیان مسلح تصادم چھڑ گیا اور گولیوں کے ابتدائی تبادلے میں دو فوجی اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں 92بیس اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ایک زخمی اہلکار دم توڑ بیٹھا جبکہ دوسرے کا علاج جاری ہے۔  آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فورسز آپریشن جاری تھا ۔  

تازہ ترین