تازہ ترین

کورونا کیسوں میں4788 کا بھاری اضافہ،60ہلاکتیں

سرینگر//جموں کشمیر میں سنیچر کے روز کورونا وائرس کے کیسوں میں بھاری اضافہ درج ہوا۔ یہاں آج4788کورونا کیس سامنے آئے۔ اس کے علاوہ گذشتہ24گھنٹوں کے دوران مہلک وائرس میں مبتلائ60افراد جاں بحق ہوگئے۔ آج سرینگر ضلع میں853،بارہمولہ میں470،بڈگام میں444،پلوامہ میں325،کپوارہ میں131،اننت ناگ میں573،بانڈی پورہ میں83،گاندر بل میں55،کولگام میں237اور شوپیان ضلع میں88کیس سامنے آگئے۔ اسی طرح جموں ضلع میں634،ادھمپور میں181،راجوری میں247،ڈوڈہ میں22،کٹھوعہ میں169،سانبہ میں66،کشتواڑ میں23،پونچھ میں82،رام بن میں63اور ریاسی ضلع میں42کورونا کیس سامنے آگئے۔  

آندھرا پردیش ضلع کڑپہ میں جلیٹن اسٹکس کے دھماکہ میں 9مزدور ہلاک

حیدرآباد// اے پی کے ضلع کڑپہ کے ماملی پلی گاوں میں ہوئے جلیٹن اسٹکس کے دھماکہ میں 9مزدور ہلاک اور دیگر دو شدید زخمی ہوگئے۔یہ واقعہ ہفتہ کی صبح پیش آیا۔ پولیس نے کہا کہ بڑی تعداد میں جلیٹن اسٹکس بدویل سے گاڑی کے ذریعہ لائے گئے تھے تاکہ چونے کی اس کان میں دھماکہ کیاجاسکے۔جب یہ جلیٹن اسٹکس گاڑی سے نکالے جارہے تھے تو ان میں اچانک دھماکہ ہوگیا۔اس دھماکہ کے وقت گاڑی میں سوار9مزدور ہلاک اور دیگر دو شدیدزخمی ہوگئے۔دھماکہ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ لاشیں اڑ کر دور جاگریں اور گاڑی جس میں جلیٹن اسٹکس لائے گئے تھے دھماکہ کے نتیجہ میں لوہے کے اسکراپ میں تبدیل ہوگئی۔  

سینئر کے اے ایس آفیسر کورونا وائرس سے ازجان

سرینگر//سپیشل سیکریٹری ،محکمہ فائنانس اور سابق ضلع کمشنر کولگام ڈاکٹر شمیم احمد وانی سنیچر کو کورونا وائرس میں مبتلاءہوکر انتقال کرگئے۔ وہ جی ایم سی جموں میں زیر علاج تھے جہاں انہوں نے آخری سانس لی۔ نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق 54سالہ وانی نے آج ساڑھے گیارہ بجے انتقال کیا۔ وانی1999بیچ کے کے اے ایس آفیسر تھے۔  

کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے ضلع کرگل میں شبانہ کرفیو نافذ

سری نگر// کورونا کیس اور اموات میں ہو رہے اضافے کے پیش نظر انتظامیہ نے ضلع کرگل میں شبانہ کرفیو نافذ کیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ کرگل سنتوش سکھ دیو نے میڈیا کو بتایا کہ کورونا کیسز اور اموات میں ہو رہے اضافے کے پیش نظر ضلع میں شبانہ کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا”کرگل کے بازاروں میں لوگوں کی بھیڑ رہتی ہے، شاید لوگوں کو معلوم ہے کہ یہاں اس کا زیادہ اثر نہیں ہے لیکن یہ غلط بات ہے، ہم نے ضلع میں شبانہ کرفیو، جس کو ہم’ کورونا کرفیو ‘کہتے ہیں، نافذ کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں“۔  

ملک میں مسلسل تیسرے روز چار لاکھ سے زائد نئے کورونا کیس، چار ہزار سے زیادہ ہلاکتیں

نئی دہلی//ملک میں کورونا کی دوسری لہر کے درمیان گزشتہ تین دنوں سے مسلسل چار لاکھ سے زائد نئے کیس سامنے آرہے ہیں۔اس دوران گذشتہ24 گھنٹوں میں اس وبا سے چار ہزار سے زیادہ مریضوں کی موت بھی ہو گئی ، تاہم 3.18 لاکھ افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔ اس دوران جمعہ کے روز 22 لاکھ 97 ہزار 257 افراد کو کورونا کے ٹیکے لگائے گئے۔ ملک میں اب تک 16 کروڑ 73 لاکھ ، 46 ہزار 544 افراد کو کورونا کے ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔  

جموں کشمیر میں مزید30کورونا ہلاکتیں، تعداد2642

سرینگر//جموں کشمیر میں گذشتہ شام سے مزید 30 افراد کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرگئے ۔اس طرح مرکز کے زیر انتظام علاقے میں ابھی تک2642افراد مہلک کورونا وائرس کا شکار بن گئے ۔ سنیچر کونیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق تازہ ہلاکتوں میں19اموات جی ایم سی جموں میں جبکہ 11اموات وادی کشمیر کے اسپتالوں میں واقع ہوئیں۔ وادی کشمیر میں آج جو کورونا مریض زندگی کی جنگ ہار گئے اُن کا تعلق رام باغ سرینگر ،بگرو خانصاحب بڈگام، گوجری بل سرینگر،بٹوارہ سرینگر،بتہ مالو سرینگر،بانہال،اننت ناگ،نوپورہ اننت ناگ وغیرہ علاقوں سے تھا۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں ماہ کے دوران ابھی تک کورونا وائرس کی وجہ سے312افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ان میں سے1526افراد کی موت وادی کشمیر جبکہ1116کی موت جموں صوبے میں ہوئی۔  

جنوبی کشمیر کے ڈورو میں جواں سال کرکٹر کا اچانک انتقال

سرینگر//جنوبی ضلع اننت ناگ کے ڈورو علاقے میں سنیچر کو ایک24سالہ کرکٹر اچانک اور پُر اسرار طور پر انتقال کرگیا۔ اطلاعات کے مطابق جواں سال عادل صدیق صوفی ولد محمد صدیق سوفی ساکن شاہ آباد ڈورو سحری کے وقت انتقال کرگیا۔ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ عادل نے معدے میں شدیددرد کی شکایت کی جس کے بعد اسے اسپتال لیجایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ عادل کی اچانک موت سے علاقے میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔  

طالبان کاعید پر تین دن کی جنگ بندی کا اعلان

کابل// افغانستان میں طالبان نے رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام پر عید الفطر کے موقع پرتین دن تک جنگ تک بندی کا اعلان کیا ہے۔ تنظیم کے قریبی ذرائع نے یہ معلومات دی۔ ذرائع کے مطابق طالبان اپنے جنگجوو¿ں کو عید الفطر پر تین دن تک لڑائی نہ کرنے کے لئے کہے گا۔  

ضلع پونچھ میں سڑک حادثہ،کمسن بچہ جاں بحق، تین افراد زخمی

پونچھ//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے علاقہ راجپورہ میں سنیچر کو ایک زایلو گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں ایک کمسن بچہ لقمہ اجل بن گیا جبکہ تین افراد شدید طور زخمی ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب مذکورہ گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر ایک گہری کھائی میں جاگری۔ ذرائع نے کہا کہ اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت ریاض احمد ولد غلام قادر ساکنہ اعظم آباد کے طور پر ہوئی ہے جبکہ زخموں میں غلام محمد ولد عبدل احد ، اعجاز احمد ولد غلام محمد اور امتیاز احمد ولد محمد عبداللہ ساکنان راجپورہ شامل ہیں جنہیںعلاج کے لیے ضلع ہسپتال پونچھ روانہ کیا گیا۔