تازہ ترین

نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی جموں وکشمیر کے موجودہ حالات کیلئے ذمہ دار:وکرم ملہوترہ

وادی چناب میں سیاسی جلسے کرنے کا مقصد بھاجپا کے حق میں ووٹوں کو تقسیم کرنا ہے

تاریخ    1 دسمبر 2021 (00 : 01 AM)   


جموں//اپنی پارٹی جنرل سیکریٹری وکرم ملہوترہ نے الزام عائد کیا ہے کہ جموں وکشمیر کے موجودہ حالات کے لئے نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی ذمہ دار ہیں جن کی وجہ سے سینکڑوں معصوم جانیں تلف ہوئیں۔ یہاں جاری ایک پریس بیان میں ملہوترہ نے کہاکہ جموں وکشمیر اِس وقت مشکل حالات سے گذر رہا ہے اور یہ صورتحال دو علاقائی سیاسی جماعتوں کی وجہ سے پیش آئی ہے جنہوں نے سابقہ ریاست میں حکومت کی۔ انہوں نے کہاکہ وہ دیگر سیاسی جماعتوں کو بدنام کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں، یہ جانتے ہوئے کہاکہ سابقہ حکومت کا وہ حصہ تھے جس دوران کشمیر کے ا ندر تشدد کی وجہ سے معصوم جانیں گئیں۔ تب اِن لیڈران نے اپنے کردار کے بارے میں بات نہیں کی جب وہ اقتدار میں تھے۔ انہوں نے کہاکہ لوگ اِن سازشوں سے اچھی طرح واقف ہیں، جموں وکشمیر میں ترقیاتی صورتحال آج بھی ویسی ہی ہے۔ بیشتر پسماندہ علاقہ جات میں سڑک رابطہ، صحت سہولیات، پینے کا صاف پانی اور بجلی سپلائی نہیں ہے۔ انہوں نے وادی کشمیر میں حالیہ سیاسی ریلیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ دونوں جماعتیں زمینی سطح پر ووٹروں کو تقسیم کرنے کے کام میں جٹی ہیں جس کا فائیدہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو ہوگا۔ انہوں نے الزام لگایاکہ اِن جماعتوں کی بھاجپا کے ساتھ ساز باز ہے اور یہی وجہ ہے کہ وادی چناب اور جموں صوبہ کے دیگر اضلاع میں سیاسی ریلیاں کی جارہی ہیں تاکہ بی جے پی کو فائیدہ پہنچانے کے لئے رائے دہندگان کو تقسیم کیاجائے۔ وکرم ملہوترہ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اِن سیاسی سازشوں سے ہوشیار رہیں اور حقیقت پسندانہ ایجنڈے پر عمل پیرا اپنی پارٹی کو مضبوط کریں۔ 
 

تازہ ترین