تازہ ترین

اومیکرون کے پیش نظرنئی گائیڈلائنس جاری | مرکزکی ریاستوںکو غیر ملکی مسافروں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت

تاریخ    1 دسمبر 2021 (00 : 01 AM)   


یو این آئی
نئی دہلی// کووڈ کے اومیکرون قسم کے پیش نظر مرکزی حکومت نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ بین الاقوامی مسافروں پر کڑی نظر رکھیں، کووڈ ٹیسٹنگ کا دائرہ بڑھائیں اور کووڈ معیارات کی سختی سے تعمیل کو یقینی بنائیں۔مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے سکریٹری راجیش بھوشن نے منگل کو یہاں منعقدہ ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو کووڈ کے معیارات پر عمل کرنے میں نرمی نہیں کرنی چاہئے اور آرٹی-پی سی آر کی مقدار میں اضافہ کرنا چاہئے ۔ میٹنگ میں کہا گیا کہ غیر ملکی مسافروں کی آمد پر کووڈ اسکریننگ لازمی طور پر کی جانی چاہیے ۔ ان کی کڑی نگرانی کی جائے اور آٹھ دن کے بعد دوسری بار آر ٹی -پی سی آر کی جائے ۔ اجلاس میں دیگر ممالک کی جانب سے اومیکرون کے پیش نظر اپنائے جانے والے حفاظتی اقدامات اور عالمی ادارہ صحت کی تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر وی کے پال، ہیلتھ ممبر، نیتی آیوگ بھی موجود تھے ۔ 
 
 
 

ٹیکہ کاری 123.25کروڑسے متجاوز

نئی دہلی// کووڈ ویکسی نیشن مہم میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 78.80 لاکھ سے زیادہ کووڈ ویکسین لگائی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی 123.25 کروڑ سے زیادہ ویکسین لگائی جاچکی ہیں۔صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے منگل کو یہاں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 78 لاکھ 80 ہزار 546 کووڈ ویکسین لگائی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کل صبح 7 بجے تک 123 کروڑ 25 لاکھ دو ہزار 767 کووڈ ویکسین دی گئی ہیں۔