تازہ ترین

جموں کشمیر کا ریاستی کردار بحال کرنے کی اشدضرورت:حکیم یاسین

دلوں کی دوریاں مٹانے کیلئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کا مطالبہ

تاریخ    30 نومبر 2021 (00 : 01 AM)   


خانصاحب //پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے سربراہ حکیم یاسین نے مرکزی حکومت پر زور دیا ہے کہ اعتماد سازی کیلئے مجوزہ اسمبلی انتخابات سے قبل ہی جموں وکشمیر کا ریاستی کردار بحال کریں ۔انہوں نے کہا کہ اعتماد سازی کے اس اقدام سے جموں وکشمیر میں موجودہ سماجی وسیاسی غیر استحکام کو کافی حد تک دور کرنے میں مدد ملے گی ۔موصولہ بیان کے مطابق خانصاحب میں سکھناگ حلقہ کے پارٹی ورکروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حکیم یاسین نے کہا کہ جموں وکشمیر میں موجودہ غیر یقینی صورتحال میں بہتری لانے کے لئے جموں وکشمیر کا ریاستی کردار بحال کرنے کے ساتھ ساتھ فوری طور اسمبلی انتخابات منعقد کئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کی ابتر صورتحال کی بنیادی وجہ سابق مرکزی و ریاستی حکومتوں کی طرف سے وقت وقت پر کئے گئے وعدوں سے انحراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ ذمہ داری موجودہ مرکزی قیادت کی ہے کہ وہ لوگوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرے تاکہ دلوں کی دوریوں اور آپسی شکوک و شبہات کو دور کیا جاسکے ۔حکیم یاسین نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگ اپنی منفرد شناخت کا تحفظ اور اپنے آئینی حقوق کی بحالی چاہتے ہیں جس کو کسی کوتاہی کے بغیر پورا کیا جانا چاہئے ۔انہوںنے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ سکھناگ پن بجلی پروجیکٹ پر فوری طور کام شروع کرانے کے احکامات صادر کرائیںکیونکہ یہ پروجیکٹ خانصاحب علاقے کی اجتماعی ،اقتصادی اور سماجی ترقی کے لئے بنیادی اہمیت کا حامل ہے ۔