تازہ ترین

جمعیت کی ناچلانہ بانہال میں تقریب

کئی حفاظ کی دستار بندی،صدرِ تنظیم نے قرآن کے پیام توحید کو اجاگر کیا

تاریخ    30 نومبر 2021 (00 : 01 AM)   


سرینگر// جمعیت اہلحدیث کے صدر پروفیسر غلام محمد بٹ نے ناچلانہ بانہال میں کئی حفاظ کی دستار بندی کی۔انہوں نے اس موقع پرقرآن کے پیام توحید اور درس رحمت کے اہم ترین گوشوں کو اجاگر کیا۔موصولہ بیان کے مطابق دارالتعالیم و السنتہ کی سالانہ تعلیمی کا نفرنس کے موقع پر پروفیسر بٹ نے مدرسہ کے طلباء اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کورونا کے باوجود انہوں نے جس مربوط انداز میں تعلیم فراہم کرنے کا آن لائن انتظام کیا وہ بذات خود ایک بہت بڑا کام ہے ۔اس موقع پر امتحانات اور دیگر شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔کئی طلبانے فن تقریر کا بہترین مظاہرہ کیا اور حساس لوگوں نے اس چھوٹی سی عمر میں اس نوع کی اٹھان پر مستقبل میں ان کے جید مبلغ و مقرر ہونے کی نوید سنادی۔کانفرنس سے جمعیت کے مفتی عام مولانا محمد یعقوب بابا المدنی اور الکلیتہ السلفیہ للبنات سرینگر کے وائس پرنسپل ارشاد احمد تانترے المدنی نے خطاب کئے۔ ادارے کے پرنسپل نذیر احمد المدنی، ظہور احمد سلفی، عبدالقیوم سلفی، محمد یوسف نائیک، نذیر احمد مخدومی و دیگر اساتذہ، مقامی علما اور تحصیل کھڑی، بانہال و ضلعی جمعیت رام بن کے ذمہ دار بھی اس موقع پر موجود تھے۔