تازہ ترین

تحریرکی ذرائع ابلاغ میں مرکزی حیثیت:اعجازالحق

شعبہ کنورجنٹ جرنلزم کا 5 روزہ ورکشاپ شروع

تاریخ    30 نومبر 2021 (00 : 01 AM)   


گاندربل//ارشاداحمد//تیسرے سیمسٹر کے طلبا کی سمعی و بصری صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے شعبہ کنورجنٹ جرنلزم کے زیر اہتمام سینٹرل یونیورسٹی کشمیر میں5 روزہ ورکشاپ اور تربیتی پروگرام کا انعقاد ایجوکیشنل ملٹی میڈیا ریسرچ سینٹر کشمیر یونیورسٹی میں کیا گیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایجوکیشنل ملٹی میڈیا ریسرچ سینٹر کے ڈائریکٹر شفقت حبیب نے ٹی وی پروڈکشن سے متعلق طلبا ء کی مہارت میں اضافے کے لیے اس طرح کی تربیتی پروگرام منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ طلباء کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے مقصد کے ساتھ، ورکشاپ کا مقصد انہیں ٹیلی ویژن کی تیاری کے لیے درکار عملی نمائش سے آشنا کرنے اور مقررہ تاریخ کے تحت کام کرنے کے لیے ماحول فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔پروڈیوسر اعجاز الحق نے ٹیلی ویژن کے لیے اسکرپٹ رائٹنگ کے ایک سیشن کے دوران ٹیلی ویژن پروڈکشن کے لیے تحریر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تحریر ماس کمیونیکیشن کے تمام ذرائع ابلاغ میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔تمام قسم کے ابلاغ کے لیے تحریر ضروری ہے۔ورکشاپ کے دوران طلبا کو تربیت دی گئی اور انہیں ملٹی کیمرہ سیٹ اپ، لائٹنگ، سائونڈ مکسنگ وغیرہ کے بنیادی علم سے آراستہ کیا گیا۔تربیتی پروگرام کے دوران طالب علموں نے ایک نیوز کیپسول بھی بنایا۔شعبہ کنورجنٹ جرنلزم کے سربراہ ڈاکٹر عارف نظیر نے اپنے اختتامی تقریر میں سینٹرل یونیورسٹی کشمیر کے وائس چانسلراوررجسٹرار کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر انہوں نے سکول آف میڈیا سٹڈیز کے سربراہ ڈاکٹر شاہد رسول اور پروفیسر سلیمہ جان کی کاوشوں کو سراہا جن کی محنت سے ورکشاپ اور تربیتی پروگرام کو منعقد کیا گیا جس میں طلبا کی سمعی و بصری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ورکشاپوں سے طلباء کو ایک خوشگوار ماحول فراہم ہوتاہے جس کے نتیجہ خیز نتائج برآمد ہوتے ہیں۔ایجوکیشنل ملٹی میڈیا ریسرچ سینٹر کی پوری انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جن کی کوششوں سے پروگرام کامیاب ہوا۔اس سے قبل، پروگرام کوآرڈینیٹر، سینئر اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر آصف خان نے دونوں شعبہ جات پر زور دیا کہ وہ مزید 15 روزہ ورکشاپ کا انعقاد کریں جس سے طلبا کو اپنے تجربے کے  وسیع کرنے میں مدد مل سکے۔  انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی ورکشاپ طلبا کو عملی نمائش فراہم کرنے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کرتے ہیں۔