تازہ ترین

موسمیاتی ایڈوائزری جاری| 5سے7دسمبر تک برفباری

لداخ میںسردی کا شدید قہر جاری، دراس میں منفی.9 11ڈگری ریکارڈ

تاریخ    30 نومبر 2021 (00 : 01 AM)   


اشفاق سعید
سرینگر // محکمہ موسمیات نے دسمبر کے پہلے ہفتے میں موسمی صورتحال کے حوالے سے باضابطہ طور پر ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ5سے7دسمبر تک جموں وکشمیر کے بالائی اور میدانی علاقوں میں ہلکے سے درمیانہ درجہ کی برف باری ہونے کا امکان ہے جس سے زوجیلا،رازدان ٹاپ، پیر کی گلی،سنتھن ٹاپ پر تیز ہوائوں، براشوں اور برفباری سے سرینگر جموں شاہراہ، مغل روڑ اور سرینگر لیہہ شاہراہ کے علاوہ گریز روڑ پر ٹریفک کی آمد و رفت متاثرہوسکتی ہے۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ بالائی علاقوں میں 1سے2فٹ اور میدانی علاقوں میں 2سے3انچ برف گر سکتی ہے ۔ اس ضمن میںمحکمہ کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ جموں کے میدانی علاقوں میں بارشیں ہو سکتی ہیں جبکہ کشمیر کے میدانی اور بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجہ کی برف باری ہو گی ۔ ہیشگوئی کے مطابق جموں کشمیر میںتازہ مغربی ہوائوں کے داخل ہونے کی شروعات ہورہی ہے جوموسم کو تبدیل کرتی ہیں۔انہی ہوائوں کے زیر اثر 5 سے 7 دسمبر تک پہاڑی علاقوں میں دو فٹ تک برفباری ہوسکتی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں دو سے تین انچ برف گرنے کا امکان ہے ۔محکمہ نے7 دسمبرتک دگرگوں موسمی صورتحال جاری رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہاکہ بارشوں اورکچھ بالائی علاقوں میں برف وباراں کاسلسلہ جاری رہنے کے باعث سرینگرجموں شاہراہ اورسری نگرلیہہ شاہراہ کے علاوہ مغل روڈ اور دیگر سڑکوں پر پھسلن، پسیاں اورمٹی کے تودے گرآنے سے ٹریفک کی آمدورفت میں خلل پڑسکتاہے ۔ادھر وادی میں پیر کو بھی موسم خشک رہنے اور مطلع صاف رہنے کے نتیجے میں شبانہ درجہ حرارت میں کمی دیکھی گئی۔ ۔اتوار اور پیر کی درمیانی رات سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت منفی 1.1ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔قاضی گنڈ میں منفی 2.0 ،پہلگام میں منفی3.4 ،کپوارہ میں منفی1.4 ،کوکرناگ میں منفی0.5 جبکہ گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی2.2ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔ادھر لداخ  میں شدید سردی کی لہر جاری ہے اور وہاں دراس علاقے میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی11.9ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جبکہ کرگل میں منفی 7.2ڈگری اور لیہہ میں منفی 9.9ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔
 

تازہ ترین