تازہ ترین

منشیات سے نوجوانوں کو تباہ کرنیکی منصوبہ بندی | جنگجویت کا خاتمہ کرنیکی خاطر پر عزم:پولیس سربراہ

تاریخ    28 نومبر 2021 (00 : 01 AM)   


یواین آئی
 جموں// جموں وکشمیر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کا کہنا ہے کہ پاکستان منشیات کے ذریعے جموں وکشمیر کے نوجوانوں کو تباہ کرنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں جنگجویت کا مکمل خاتمہ کرنے کی خاطر کوششیں ہو رہی ہیں۔ان باتوں کا اظہار انہوں نے جموں میں ایک تقریب کے حاشے پر نامہ نگاروں کے ساتھ غیر رسمی گفتگو کے دوران کیا۔پولیس سربراہ نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لت سے دور رکھنے کی خاطر جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے زمینی سطح پر اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان قوم کا سرمایہ ہوتا ہے لہٰذا اُنہیں منشیات سے دور رہنے کی ضرورت ہے ۔دلباغ سنگھ نے مزید بتایا کہ پاکستان جموں وکشمیر کے نوجوانوں کو منشیات کی لت میں مبتلا کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے اور گزشتہ دنوں جھجر کوٹلی میں منشیات کی ایک بڑی کھیپ ضبط کی گئی جس کو دہشت گردی کے کاموں کیلئے استعمال میں لانا مقصود تھا لیکن شدت پسندوں کے منصوبوں کو  ناکام بنایا گیا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر پولیس اکیلے ہی منشیات کے خلاف جنگ نہیں جیت سکتی بلکہ اس کیلئے عوام الناس کا تعاون ناگزیر ہے ۔ایک سوال کے جواب میں پولیس چیف نے کہا کہ جموں وکشمیر میں امن و امان کے قیام کی خاطر زمینی سطح پر کام ہو رہا ہے اور پولیس لوگوں کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کی خاطر اپنے فرائض تن دہی سے انجام دے رہی ہے۔ ملی ٹینٹ مخالف آپریشنز کے دوران لوگوں کی جانب سے نعرے لگانے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔