تازہ ترین

لیفٹیننٹ گورنر نے جموں وکشمیر جمناسٹک اکیڈیمی کا اِفتتاح کیا

تاریخ    27 نومبر 2021 (35 : 02 AM)   


نیوز ڈیسک
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے ایم اے سٹیڈیم میں جموںوکشمیر جمناسٹک اکیڈیمی کا اِفتتاح کیا ۔ یہ نارتھ اِنڈیاکی اعلیٰ ترین جمناسٹک تربیتی سہولیات میں سے ایک ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے قومی سطح کی 56 ویں آرٹسٹک اور 25ویں ریتھمک جمناسٹک چمپئن شپ کی اِختتامی تقریب میں بھی شرکت کی۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے اعلان کیا کہ جموںوکشمیر کی حکومت پیرا ایتھلیٹس چندیپ سنگھ اور محمد سلطان راتھر کے استنبول ترکی میں منعقد ہونے والی ورلڈ پیرا تائیکو انڈو چمپئن شپ کے تمام اخراجات برداشت کرے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جمناسٹک اکیڈیمی کے اِفتتاح کے لئے کھلاڑیوں اور اُبھرتے ہوئے جمناسٹوں کو مبارک باد دی۔اُنہوں نے کہا کہ جمناسٹک اکیڈیمی ٹیلنٹ کی نشاندہی کرے گی ، ان صلاحیتوں کو نکھارے گی اور اولمپکس اور بین الاقوامی سطح پر نام روشن کرنے کے لئے انہیں ہر طرح کا تعاون فراہم کرے گی۔اُنہوں نے کہا کہ ہم کامیابی کی نئی بلندیوں کو چھونے کے لئے مقامی ٹیلنٹ کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ جن کھلاڑیوں نے جموں و کشمیر اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، انہیں ان کی کامیابیوں کا مناسب اعتراف کیا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت نئی سپورٹس پالیسی کے مؤثر عمل آوری کے لئے تمام شراکت داروں اور پالیسی ایڈوکیسی ریسرچ سینٹر کو شامل کر رہی ہے، جس کی نقاب کشائی ایک ماہ کے اندر کی جائے گی۔ہم یوٹی کیپکس کے تحت مارچ 2022ء تک تمام کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی تزئین و آرائش اور اَپ گریڈ یشن سمیت 615 منصوبوں کو مکمل کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے ۔ اِس کے علاو190 منصوبے (520میں سے )جموں وکشمیر کے تمام سکولوں اور کالجوں میں عالمی معیار کے کھیلوں کا بنیادی ڈھانچے مکمل ہوچکے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم کے ترقیاتی پیکیج کے تحت 31 منصوبوں میں سے 25 منصوبے آج تک مکمل ہو چکے ہیں۔جموں و کشمیر کا تعلیم اور کھیلوں کا مشترکہ بجٹ 2386 کروڑ روپے ہے، جو کہ مختلف بڑی ریاستوں اوریوٹیوں سے کہیں زیادہ ہے ۔ اس کے علاوہ یوتھ سروسز اور سپورٹس کیلئے اس سال 513 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کم از کم 17 لاکھ نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کئے جائیں گے اور تمام پنچایتوں، یوٹی کے تمام شہری وارڈوں میں یوتھ کلب قائم کئے گئے ہیں جو جموں و کشمیر کے بہترین کھیلوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لائیں گے۔لیفٹیننٹ گورنر نے ’’ہر دن کھیل، سب کے لیے کھیل‘‘کے وڑن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اس سال دو لاکھ سے زیادہ سرگرمیاں منعقد کرنے پر سپورٹس کونسل کی تعریف کی۔اس موقع پر، لیفٹیننٹ گورنر نے تمام ریاستوںاور یوٹیوںکے جمناسٹوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور جموں و کشمیر کے نمایاں کھلاڑی کو نقد انعامات سے نوازا۔پیرا اولمپئن راکیش کمار کو 5 لاکھ روپے اور شوٹر چین سنگھ کو 2 لاکھ روپے کا چیک دیا گیا۔اِس موقعہ پر میئر جے ایم سی چندر موہن گپتا ، لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فارو ق خان، پرنسپل سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس آلوک کمار ، اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ، صوبائی کمشنر جموں راگھو لنگر ، صدر جے اینڈ کے جمناسکٹس ایسو سی ایشن کرن واتل ،جمناسٹک فیڈریشن آف اِنڈیا سے کوشک بیدی والا ،چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی راجیش گپتااور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔