تازہ ترین

خاندانی سیاسی جماعتیں جمہوریت کیلئے خطرہ :مودی

تاریخ    27 نومبر 2021 (00 : 01 AM)   


نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی نے خاندان پرمبنی سیاسی جماعتوں کو جمہوریت کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے جمعہ کے روز کہا کہ بدعنوانی میں ملوث لوگوں کی عزت افزائی نوجوانوں کو غلط راستے پر چلنے کے لئے اکساتی ہے ۔ مسٹر مودی نے یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کے سنٹرل ہال میں یوم آئین کے موقع پر منعقد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر سے کنیا کماری تک ہندوستان کے ہر حصے میں خاندان پر مبنی سیاسی جماعتوں کا غلبہ بڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ جمہوریت کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے ۔ اس کے لیے ملک کے باشندوں کو بیدارکرنے کی ضرورت ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ ایک ہی خاندان کے کئی افراد کی سیاست میں شمولیت کے خلاف نہیں ہیں لیکن یہ قابلیت کی بنیاد پرہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ خاندانی سیاسی جماعتیں اپنا جمہوری کردار کھو چکی ہیں ،اس لیے ان سے جمہوری نظام کے تحفظ کی امید نہیں کی جا سکتی۔