تازہ ترین

رام باغ تصادم آرائی

پائین شہر ،رام باغ اور نٹی پورہ میں بیشتر دکانیں بند

تاریخ    26 نومبر 2021 (00 : 01 AM)   
(File Photo)

سرینگر// پائین شہر کے علاوہ رام باغ اور نٹی پورہ میںجمعرات کو کاروباری و تجارتی مراکزبند رہے جبکہ کئی علاقوںمیں انٹرنیٹ سروس کو بھی منقطع کیا گیا۔رام باغ میں بدھ کی شام پلوامہ اور پائین شہر کے 3جنگجوئوں کی ہلاکت پرشہر کے پائین علاقوں میں دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہیں،تاہم سڑکوں پر نجی ٹرانسپورٹ کی نقل و حرکت تھی ۔ اکثر علاقوں میں دکانیں بند پڑی ہوئی تھیں جس وجہ سے بازار سنسان او ر ر ویران نظر آرہے تھے ۔ انتظامیہ نے دن بھر شہر خاص کے بیشتر علاقوں میں موبائل انٹرنیٹ سہولیات کو بھی منقطع کیا۔ صورتحال کے پیش نظر  پائین شہر کے نوہٹہ، گوجوارہ، بہوری کدل، راجوری کدل، کاوڈارہ، جمالٹہ، نوا کدل علاقوں میں فورسزکی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا ۔ اسی طرح کی صورتحال رام باغ اور نٹی پورہ میں بھی تھی ۔ اگرچہ گاڑیوں کی آمدورفت معمول کے مطابق تھی تاہم کاروباری ادارے بند رہے۔