تازہ ترین

راجوری میں آٹو رکشا کی نقل و حرکت | موٹر وہیکل محکمہ سے مناسب طریقہ کار لانے کا مطالبہ

تاریخ    25 نومبر 2021 (00 : 01 AM)   


سمت بھارگو
راجوری//راجوری قصبہ کے مقامی لوگوں نے موٹر وہیکل ڈپارٹمنٹ (MVD) سے کرتے ہوئے کہاکہ وہ شہر میں آٹو رکشا کی نقل و حرکت کا ایک مناسب طریقہ کار واضح کرے ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ گاڑیاں لوگوں کی نقل و حرکت میں ایک اہم رول ادا کررہی ہیں ۔لوگوں نے بتایا کہ شہر میں آٹو رکشا کیلئے نہ تو مستقل طور پر کوئی سٹاپ مختص ہے اور نہ ہی مسافروں کیلئے کرایہ کی کوئی مناسب فہرست دستیاب رکھی گئی ہے۔راجوری قصبہ میں نقل و حرکت کے لحاظ سے آٹو رکشا اب لوگوں کیلئے انتہائی اہم ہے ۔راجوری کے محمد عمر نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ روزانہ کی بنیادوں پر ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے کیلئے آٹو رکشا ہی استعمال کیا جاتا ہے تاہم اس کیلئے کوئی معقول نظام دستیاب نہیں رکھا گیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ تین پہیہ پر مشتمل سینکڑوں آٹو رکشا شہر کے اندر چلتے ہیں لیکن مسافروں کیلئے کرایہ کی کوئی مناسب فہرست واضح نہیں کی گئی ہے۔کالج کی ایک طالبہ پونم شرما نے کہا کہ شہر میں عام لوگوں کیلئے آٹو رکشہ نقل و حمل کا اہم ذریعہ ہیں اور موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ کو شہر میں آٹو رکشا کی نقل و حرکت کا ایک مناسب طریقہ کار واضح کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ شہر میں کوئی مستقل طور پر الاٹ شدہ آٹو رکشہ اسٹینڈ نہیں ہے اورطلباء کو متعدد مقامات سے آٹو رکشا پر سوار ہونا پڑتا ہے ۔لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ آٹو رکشا کی نقل و حرکت کو منظم کرنے کیلئے زمین پر ایک مناسب طریقہ کاربنایا جائے تاکہ آٹو رکشوں کی آسانی سے نقل و حرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔