تازہ ترین

لوہر کنڈی پنچایت میں پانی کی بحرانی صورتحال | محکمہ جل شکتی کیخلاف علاقہ مکینوں کا احتجاج

تاریخ    25 نومبر 2021 (00 : 01 AM)   


محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کی پنچایت لوہر کنڈی میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کی وجہ سے تنگ آکر لوگوں نے محکمہ جل شکتی کیخلاف سخت احتجاج کیا ۔مظاہرین نے محکمہ کے آفیسران و ملازمین پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی ڈیوٹی کو لے کر سنجیدہ نہیں ہیں جس کی وجہ سے دیہات میں پانی کی بحرانی صورتحال پیدا ہو گئی ہے ۔مظاہرین نے بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ سے پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے لیکن بلندو بانگ دعوئوں کے باوجود بھی انتظامیہ اس طرف توجہ دینے میں ناکام ہو چکی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے اسسٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر و دیگر آفیسران عوامی مشکلات سننے کیلئے تیار ہی نہیں ہیں جبکہ ملازمین بھی ڈیوٹی پر حاضر نہیں رہتے ۔محمد تاج ٹھا کر نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ محکمہ کے آفیسران کیساتھ ساتھ ملازمین بھی لاپتہ ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے عوامی مشکلات بڑھ گئی ہیں ۔مظاہرین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے ملازمین و آفیسران کو ہدایت جاری کی جائیں جبکہ لاپرواہ ملازمین کی تنخواہین بند کی جائیں تاکہ وہ اپنی ڈیوٹی کے تئیں سنجیدہ رہیں ۔