تازہ ترین

ٹھیکیداروں کی خود غرضی سے تعمیر اتی عمل متاثر | کئی پروجیکٹ برسوں سے تشنہ تکمیل ،انتظامیہ خاموش

تاریخ    25 نومبر 2021 (00 : 01 AM)   


بختیار کاظمی
 سرنکوٹ//سرنکوٹ سب ڈویژن میں ٹھیکیداروں کی لاپرواہی اور خود غرضی کی وجہ سے کئی تعمیر اتی پروجیکٹ برسوں سے التوا کا شکار ہیں جس کی وجہ سے عام لوگوں کی زندگی بھی متاثر ہورہی ہے لیکن متعلقہ محکموں و ضلع انتظامیہ کی جانب سے اس طرف دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔سب ڈویژن میں سڑکوں کیساتھ ساتھ دیگر کئی پروجیکٹ گزشتہ کئی برسوں سے مکمل ہی نہیں کئے جارہے ہیں جبکہ ٹھیکیداروں کی جانب سے صرف وہ کام کیا جاتا ہے جس میں سے ان کو بھاری کمیشن مل سکتی ہے جبکہ پروجیکٹ کے دیگر شعبوں کو مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی ہی نہیں لی جارہی ہے ۔آل انڈیا ہیو من رائٹس کے پریس سیکریٹری سید مزمل حسین شاہ نے بتایا کہ ٹھیکیداروں کی خود غرضی کی وجہ سے مقامی لوگوں کیساتھ ساتھ سرکاری خزانے کا بھی نقصان ہورہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ٹھیکیداروں نے تعمیر اتی عمل کو ایک تجارت کے طور پر لیا ہوا ہے جبکہ کچھ محکموں کے ملازمین وآفیسران کی ملی بھگت کی وجہ سے سرکاری خزانے کو سالانہ کروڑوں روپے کا نقصان کیا جارہا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ٹھیکیدار ٹینڈر بھرنے کے بعد صرف پروجیکٹ کسی ایک حصے پر تعمیر اتی کام کر کے باقی پروجیکٹ کو پھر سے ٹینڈر کیلئے چھوڑ دیتے ہیں ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پروجیکٹ کا آڈٹ کرنے کیساتھ ساتھ غیر مناسب رویہ رکھنے والے ٹھیکیدار وں کی نشاندہی کی جائے جبکہ زیر التوا پروجیکٹ میں ملوث ٹھیکیداروں کیخلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ تعمیر اتی عمل کو پٹری پر لایا جاسکے ۔