تازہ ترین

مینڈھر میں گندگی کو ٹھکانے لگانے کیلئے جگہ کا تعین نہ ہوسکا | صفائی کرمچاری دریامیں گندگی پھینکنے میں مصروف ،لوگ پریشان

تاریخ    25 نومبر 2021 (00 : 01 AM)   


جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر قصبہ کی گندگی کو ٹھکانے لگانے کیلئے حکام کی جانب سے ابھی تک کسی بھی جگہ کا کوئی تعین نہیں کیا گیا ہے جبکہ محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے تعینات صفائی کرمچاری قصبہ کی گندگی کو جمع کر کے مقامی دریا میں ڈال رہے ہیں جس کی وجہ سے عام لوگو ں کیساتھ ساتھ آبی زندگی بھی متاثر ہورہی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ مینڈھر بس سٹینڈ کے قریب سے بہنے والے دریا پر قصبہ کے دو حصوں میں آپس میں جوڑنے کیلئے تعمیر پل کے دونوں کناروں پر روزنہ بڑی مقدار میں گندگی پھینکی جاتی ہے جس کی وجہ سے اس کے ارد گرد رہائش پذیر لوگوں کیساتھ ساتھ پل عبور کرنے والے عام راہگیر وں کیلئے شدید مشکلات پیدا ہو گئی ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مقامی اور ضلع انتظامیہ نے ابھی تک قصبہ کی گندگی کو ٹھکانے لگانے کیلئے کسی بھی جگہ کا نہ تو کوئی تعین کیا ہے او ر نہ ہی محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے گندگی کو جمع کر کے کسی دوسرے مقام پر ڈمپ لگانے کیلئے کوئی عملی قدم اٹھایا گیا ہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ صفائی کرمچاری روزنہ قصبہ کے مختلف علاقوں سے گندگی بھاری مقدار میں جمع کر کے قصبہ کے درمیان سے گزرنے والے دریا میں ڈال دیتے ہیں جس کی وجہ سے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے جبکہ اس عمل سے ایک وسیع علاقہ میں آبی زندگیاں متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ گندگی کو ٹھکانے لگانے کیلئے جگہ کا تعین کیا جائے اور دریا کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔