تازہ ترین

۔80کروڑ غریب راشن کارڈ ہولڈروں کو راحت

مفت راشن میں مارچ 2022تک توسیع

تاریخ    25 نومبر 2021 (00 : 01 AM)   


مانٹیرنگ ڈیسک
نئی دہلی//مرکزی کابینہ نے بدھ کو ایک بڑی راحت فراہم کرتے ہوئے پردھان منتری غریب کلیان انا یوجنا (PMGKAY) کے تحت مفت اناج کی فراہمی مارچ 2022تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پردھان منتری غریب کلیان انا یوجناکے تحت ملک بھرمیں80 کروڑ سے زیادہ مستفیدین کو ہر ماہ فی کس 5 کلو گرام اناج مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔اس اسکیم کو ابتدائی طور پر اپریل 2020 سے3 ماہ کیلئے شروع کیا گیا تھا تاکہ کووڈ19 وباء کے دوران غریب لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ اس کے بعد یوجنا کی معیادکو کئی بار بڑھایا جا چکا ہے۔نیشنل فوڈ سیکورٹی ایکٹ (این ایف ایس اے) کے تحت غریب راشن کارڈ ہولڈروں کو5 کلو گرام غذائی اجناس عام کوٹے سے زیادہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ مرکزی کابینہ کی میٹنگ کے بعد مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے بتایا کہ پردھان منتری غریب کلیان انا یوجنا کومزید4 ماہ کیلئے یعنی مارچ 2022 تک بڑھا یا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ اس سے خزانے پر 53.344 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑیگا۔ انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ PMGKAYکی کل لاگت تقریباً 2.6 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ جائے گی، جس میں یہ توسیع بھی شامل ہے۔خیال رہے پردھان منتری غریب کلیان انا یوجناکے تحت ابتداء میں لوگوںکو مفت اناج پہلے تین ماہ (اپریل تاجون 2022) کے لئے فراہم کیا گیا تھا۔ تاہم، بحران جاری رہنے کے ساتھ، اس مرکزی اسکیم کو مزید 5 ماہ (جولائی تانومبر2020) کیلئے بڑھا دیا گیا۔وبائی مرض کی دوسری لہر کے آغاز کے بعد، پردھان منتری غریب کلیان انا یوجنا (PMGKAY) کو ایک بار پھر2ماہ (مئی تاجون 2021) کے لئے شروع کیا گیا اور اسے پھر مزید5 ماہ (جولائی تانومبر 2021) کیلئے بڑھا دیا گیا۔