تازہ ترین

سرکردہ صحافی مرحوم خواجہ ثناء اللہ بٹ کی 12ویں برسی | سیاسی، سماجی، صحافتی اور ادبی انجمنوں کا خراج

تاریخ    25 نومبر 2021 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر// وادی کے سرکردہ صحافی اورروزنامہ آفتاب کے بانی مرحوم خواجہ ثناء اللہ بٹ کی 12 ویں برسی پر سماج کے مختلف طبقوں نے انہیں  خراج عقیدت پیش کیا۔ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک قابل قدر صحافی تھے اور صحافتی میدان میں خداداد صلاحیتوں سے مالا مال تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے روزنامہ آفتاب کے ذریعے کشمیری عوام کے مشکلات اور مسائل اُجاگر کرنے میں جو رول ادا کیا وہ ناقابل فراموش ہے۔پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگر اور معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ مرحوم نے ہندوستان اور پاکستان کی دوستی کو مضبوط بنانے اور کشمیری عوام خاصکر سرحدی علاقوں کے مسلمانوں کے مسائل کو اُجاگر کرنے میں سبقت لی ۔پارٹی کے سینئر لیڈران محمد شفیع اوڑی، عبدالرحیم راتھر، میاں الطاف احمد، شریف الدین شارق ،مبارک گل، شمیمہ فردوس ،آغا روح اللہ اور ترجما ن عمران نبی ڈارنے بھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ کشمیر ایڈیٹرس فورم اور ہفتہ روزہ اخبار ندائے کشمیر کے چیف ایڈیٹر معراج دین ڈار نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مرحوم کی صحافتی خدمات کی سراہنا کی۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے ہمیشہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض ایمانداری کے ساتھ انجام دئے۔ کشمیری پنڈت کا نفرنس کے چیئرمین کندن کشمیری نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے ہمیشہ بھائی چارے، انسان دوستی اور اچھے اخلاق کو ترجیح دی ۔ادھر جموں وکشمیر سول سوسائٹی فورم کے سربراہ فیاض اندرابی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہ مرحوم نے صحافت کے میدان میں نمایاں کام انجام دئے ہیں۔وادی کی کئی ادبی تنظیموں نے ان کی صحافتی خدمات کو یاد کر کے انہیںخراج عقیدت ادا کیا۔جنوبی کشمیر کی ادبی تنظیم مراز ادبی سنگم ، نوو ادبی کاروان ،جموں کشمیر سول سوسائٹی فورم اور پلوامہ ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے علاوہ سماج کے دیگر طبقوں نے بھی خراج عقیدت ادا کیا۔ادھر کشمیر نیوز سروس کے چیف ایڈیٹرمحمد اسلم بٹ نے مرحوم کو یاد کرتے ہوئے انہیں  خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔
 

تازہ ترین