تازہ ترین

سلواہ ۔پٹھانہ تیر سڑ ک کھڈوں میں تبدیل | تار کول 1برس میں ہی اکھڑ گئی ،محکمہ کیخلاف کارروائی کی جائے :عوام

تاریخ    24 نومبر 2021 (56 : 03 AM)   


جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے سلواہ علاقہ سے پٹھانہ تیر جارہی رابطہ سڑک تار کول بچھائے جانے کے کچھ ہی عرصہ بعد کھڈوں میں تبدیل ہو گئی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مکینوں نے محکمہ پی ڈبلیو ڈی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین اور متعلقہ ٹھیکیدار کی آپسی ملی بھگت کی وجہ سے انتہائی غیر معیاری درجے کا تعمیر ی کام کیا گیا جس کی وجہ سے تار کول کچھ ہی مدت میں اکھڑ کر سڑک کھڈوں میں تبدیل ہو گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سڑک کا 7اور 8کلو میٹر حصہ مکمل طورپر تالاب کی شکل اختیار کر گیا ہے جس کی وجہ سے مسافروں کیساتھ ساتھ ٹرانسپورٹروں کو شدید مشکلات کاسامنا کرناپڑرہا ہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ سڑک کو قابل آمد ورفت بنانے کے دوران مکینوں نے راحت کی سانس لی تھی لیکن اس کے بعد کچھ ہی عرصہ میں سڑک انتہائی غیر معیاری ہوگئی ہے ۔پنچایتی اراکین و معززین نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے متعلقہ ملازمین اور ٹھیکیدار کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے کہاکہ ٹھیکیدار کا کارڈ منسوخ کر کے جلدازجلد سڑک کی دوبارہ سے تعمیر کروائی جائے تاکہ عام لوگوں کی پریشانی ختم ہو سکے ۔