تازہ ترین

ہیل کاکا علاقہ میں لوگ ہر طرح کی بنیادی سہولیات سے محروم | 1ہزار کے قریب کی آبادی قدیم طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور

تاریخ    24 نومبر 2021 (56 : 03 AM)   


بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ قصبہ سے 50کو میٹر دور افتادہ علاقہ ہیل کاکا اس وقت تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہو کر رہ گیا ہے جس کی وجہ سے ایک ہزا ر کی آبادی والے علاقہ کے لو گ قدیم طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔ہیل کاکا کے مکینوں نے ضلع انتظامیہ پونچھ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گائوں کے مکینوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے صرف کاغذی دعوئے کئے جارہے ہیں جبکہ عملی طورپر کوئی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے جس کی وجہ سے عوام کو ہر طرح کے بنیادی سہولیات کی قلت کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ گائوں میں رابطہ سڑک کی تعمیر کا عمل 2012میں شروع کیا گیا تھا لیکن اس کی زمینی کٹائی کے بعد پروجیکٹ کو ہی یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔حاجی محمد قاسم نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ گائوں میں ہر طرح کی بنیادی سہولیات دستیاب نہیں ہیں جبکہ متعلقہ دفاتر میں چکر کاٹنے کے بعد بھی حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گائوں کو پنچایت مڑہوٹ کیساتھ منسلک کیا گیا ہے جبکہ مکینوں کو سرپنچ کے پاس کئی کلو میٹر کا پیدل سفر کرنے کے بعد جانا پڑتا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے پردھان منتری اواس یوجنا کے تحت لوگوں کو رہائشی مکانات دئیے جارہے ہیں لیکن ہیل کاکا گائوں کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے مذکورہ سکیم کے تحت دی جارہی رقم ناکافی ہے کیونکہ مذکورہ علاقہ میں سیمنٹ ودیگر ساز و سامان پہنچانے کیلئے بھی یہ رقم پوری نہیں کی جاسکتی ۔ہیل کاکا کے مکینوں نے ضلع اور جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ان کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔