تازہ ترین

۔2ہفتوں تک موسم خشک رہیگا

رواں ماہ کسی بڑی موسمی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں

تاریخ    23 نومبر 2021 (00 : 01 AM)   


اشفاق سعید

۔ 25نومبر کو شمالی کشمیرہلکی برف باری کا امکان

سرینگر// محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ رواں ماہ کے آخر تک مجموعی طور پر موسم خشک رہے گا ،حالانکہ 25 نومبر کو شمالی کشمیر میں ہلکی برفباری کے امکانات بہت کم نظر آرہے ہیں۔ ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا جموں و کشمیر میں نومبر کے آخر تک موسم سرد اور خشک رہنے کا زیادہ امکان ہے۔ انہوں نے کہا ’’ 25 نومبر کو شمالی کشمیر میں  40فیصد تک بہت ہلکی برفباری کے امکانات ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ اگلے دو ہفتوں تک وادی میں کسی بڑی موسمی تبدیلی کا کوئی بھی امکان نہیں ہے، البتہ وادی میں آنے والے دنوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت میں گرواٹ دیکھنے کو ملے گی ۔وادی میں خشک موسم او رمطلع صاف رہنے کے باعث درجہ حرارت میں مسلسل گرائوٹ آئی ہے۔اتوار اورسوموارکی درمیانی شب پوری وادی میں درجہ حرارت اوسطاًمنفی2ڈگری تک گرگیا ۔ سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت منفی 1.6ڈگری ریکارڈ کیا گیااوریہ رات رواں موسم سرمامیں سرینگر میں سردترین رات تھی۔قاضی گنڈ میں منفی 2.0 ، پہلگام میں منفی 3.7، کوکرناگ میں منفی 1.3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ کپواڑہ میں منفی 3.0  اورگلمرگ میں منفی0.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ حالیہ کئی ہفتوںکی طرح ہی سوموار کی صبح سرینگرسمیت شمال وجنوب کے کئی بیشترعلاقوںمیں گہری دُھند چھائی رہی۔گہری دُھند اورسردی کی لہرکے باعث لوگ گھروں سے باہر بہت کم نکل رہے ہیں ۔سوموار کی صبح دُھند اورکہرے کایہ عالم تھاکہ سرینگر شہر اورشمال وجنوب کے کئی قصبوں میں ڈرائیوروں کوہیڈ لائٹس آن کرکے گاڑیاں چلانا پڑیں۔