تازہ ترین

سرکردہ صحافی صوفی غلام محمد کی برسی | ڈاکٹر فاروق اور مولانا ہمدانی کا خراج عقیدت

تاریخ    17 نومبر 2021 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سرکردہ صحافی صوفی غلام محمد کی 12ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک باوقار دانشور، صحافی اور قلمکار تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے صحافتی میدان میں جو بے لوث خدمات انجام دیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ انہوںنے مزید کہا کہ صوفی غلام محمد نے پُر آشوب دور میں بھی اپنے قلم کو جس جرات مندانہ طریقے سے رواں رکھا وہ بھی ناقابل فراموش ہے۔پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ اور جنرل سکریٹری علی محمد ساگرنے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک ممتاز اور دوراندیش صحافی ہونے کے علاوہ ایک عوام دوست انسان تھے۔ادھر جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف حسن واخلاق کے مالک تھے اور ہمیشہ عوام کے مشکلات اور مسائل کو اپنے اخبار میں شائع کرکے عوام کی صحیح نمایندگی کرتے تھے۔