تازہ ترین

حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانی کا عر س مبارک | جمعیت ہمدانیہ،حقانی ٹرسٹ،انجمن حمایت الاسلام اور نیشنل کانفرنس کی مبارکباد

تاریخ    17 نومبر 2021 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانیؒ کے عرس مبارک کی تقریب پر عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ حضرت پیر دستگیر ؒ کی سیرت مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی آبیاری اور سربلندی کیلئے جو تاریخ ساز خدمات حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانیؒ نے انجام دی ہیں، وہ رہتی دنیا تک زندہ وجاوید رہیں گی۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ اور معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال نے بھی عرس مبارک پر عوام کو مبارکباد پیش کی ہے ۔پارٹی کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر نے صوبائی انتظامیہ سے اپیل کی کہ سالانہ عرس مبارک کے پیش نظر زائرین کیلئے معقول اور مناسب انتظامات دستیاب رکھے جائیں۔جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے عرس مبارک پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانیؒ نے اسلام کی جو آبیاری تبلیغ واشاعت کے ذریعہ کی وہ مشعل راہ ہے۔ مولانا نے کہا کہ حضرت پیر دستگیر صاحبؒ سے حقیقی عقیدت کا رنگ اُسی وقت نکھر کر سامنے آئے گا جب آپؒ کے پاکیزہ اصولوں کو اپنانے کی کوشش کی جائے گی۔حقانی میموریل ٹرسٹ نے حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانیؒ کے عرس پران کو نذرانہ عقیدت پیش کیا ہے۔ ٹرسٹ کے سرپرست اعلی سید حمیداللہ حقانی نے گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت پیرانِ پیرؒ احیائے دین کا فریضہ انجام دینے کی بنا پر محی الدین کے خطاب سے یاد کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خراج عقیدت ادا کرنے اور عرس منانے کا حق تبھی ادا ہو سکتا ہے جب ہم اُنؒ کے دینی مشن یعنی عقیدئہ توحید کی آبیاری کیلئے اپنے آپ کو وقف کریں۔انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کے سالانہ عرس مبارک کے موقعہ پر اپنے پیغام میں کہاکہ آنجنابؒ نے قرآن و حدیث کی روشنی و پُرتاثیر دلائل سے اُن مردہ دلوں کو زندگی بخشی جو خودساختہ عقائد اور بے وقت تاویلات سے گمراہ و مردہ ہوچکے تھے کیونکہ خواہشات نفس اور دنیا پرستی سے دل حقیق سے منہ موڑتا ہے اور حقیقت پر مبنی الفاظ سمجھے سے باز رہتا ہے ۔ مولانا قانونگو نے کہاکہ حفاظت دین ور شریعت مصطفویؐ کیلئے اللہ تعالیٰ نے بساط ارض پر ہمیشہ ایسے پُراستعداد شخصیات کو منصہ شہود پر لایا جن کے اعلیٰ خدمات سے خرافات کا قلع قمع کیاگیا۔ 
 

تازہ ترین