تازہ ترین

لارم گنجی پورہ ونپوہ میں اندھا دھند فائرنگ | 2غیر ریاستی مزدورہلاک ،ایک شدید زخمی

۔24گھنٹوں میں دوسرا واقعہ ،مجموعی طور غیر مقامی شہریوں پرتیسرا حملہ، اب تک 5جاں بحق

تاریخ    18 اکتوبر 2021 (02 : 12 AM)   


عارف بلوچ
اننت ناگ//ونپوہ اننت ناگ میں سرینگر جموں شاہراہ پر واقع لازم گنجی پورہ گائوں میں کرایہ پر رہ رہے غیر مقامی مزدوروں پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 مزدور ہلاک جبکہ ایک معجزاتی طور پر زخمی حالت میں بچ گیا۔سنیچر کے روز سرینگر عید گاہ اور لتر پلوامہ میں اسی طرح کے دو واقعات میں دو غیر مقامی شہری ہلاک کئے گئے۔ ان میں ایک ترکھان اور ایک گول گپے بیجنے والا تھا۔ پچھلے ہفتے لال بازار میں گول گپے فروخت کرنے والے بہار کے شہری کو قتل کیا گیا تھا۔

واقعہ کیسے پیش آیا؟

پولیس نے بتایا کہ شام 6بجکر 10 منٹ پر 2نامعلوم بندوق بردار ونپوہ چوک کے نزدیک جموں شاہراہ پر واقع گرڈ سٹیشن کے متصل پولیس تھانے کے پیچھے لارم گنجی پورہ گائوں میں داخل ہوئے جہاں معشوق احمد ڈار کے شاپنگ کمپلیکس کے ایک کمرے میں 3بہاری مزدور کرایہ پر سکونت اختیار کئے ہوئے تھے۔عین شاہدین کے مطابقبندوق بردار بہاری مزدوروں کے کمرے مین داخل ہوئے اور انہیں دھان کی کٹائی کیلئے ریٹ مقرر کرنے کو کہا۔بندوق برداروں نے تینوں مزدوروں کو کمرے سے باہر لایا اور انہیں شاپنگ کمپلیکس کے پیچھے کھلے کھیت میں لیجا کر اندھا دھند گولیوں کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تینوں مزدور شدید طور پرزخمی ہوئے اور ان میں سے 2جی ایم سی اننت ناگ لیجاتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھے ، جبکہ ایک معجزاتی طور پر بچ گیا تاہم وہ شدید زخمی ہوا ۔ پولیس نے مارے گئے افراد کی شناخت راجا ریشی دیو اور جو گندر ریشی دیو ساکنان بہارکے طور کی ہے، جبکہ زخمی مزدور کی شناخت چن چن ریشی داس ساکن بہار شدید طور پر زخمی ہوا۔ اسے کمر اور بازو میں گولیاں لگی ہیں۔ تینوں افراد پیشہ سے مزدور تھے اور کئی ماہ سے سلیب ڈالنے کا کام کررہے تھے۔

پولیس بیان

کشمیر پولیس زون کی جانب سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا’’ جنگجوئوں نے ونپوکے مقام پر تین غیر ریاستی مزدوروں پر اندھا دھند فائرنگ کی ، جس کے نتیجے میں 2زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھے ہیںجبکہ ایک زیر علاج ہے‘‘۔ ۔انہوں نے مزید لکھا ہے’’ واقعے کے بعد علاقے کو سیل کیا گیا ہے اورحملہ آوروں کی تلاش تیز کر دی گئی ہے‘‘۔ خیال رہے سنیچر کی شام لتر پلوامہ اور سرینگر کے عیدہ گاہ علاقے میں بھی2 غیر مقامی مزدوروں کو اسی طرح کی کارروائیوں میں مارا گیا۔
 

تازہ ترین