تازہ ترین

یو پی ایس سی کے نتائج| 7امیدوارکامیاب

فارسٹ گارڈ کا بیٹا بھی شامل

تاریخ    25 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   


عارف بلوچ
اننت ناگ //یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی 2020کے کل ہند امتحان کے نتائج جمعہ کے روز جاری کر دیئے گئے۔ امتحان میں شوبھم کمار نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ جاگرتی اوستھی اور انکیتا جین نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی ۔امتحان میں کل 761 امیدوار کامیاب قرار پائے جن میں 545 مرد اور 216 خواتین ہیں۔جموں کشمیر کے 7امیدواروں نے اس امتحان میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔قومی امتحان میں ڈورو شاہ آباد کے فارسٹ گارڈ کے ہونہاربیٹے نے 225 ویں رینک حاصل کر کے کامیابی حاصل کرلی ہے ۔وسیم احمد بٹ ولد محمد یوسف بٹ ساکن براگام ڈورو شاہ آباد علاقے کے پہلے نوجوان بن گئے ہیں جنہوں نے یو پی ایس سی امتحان میں کامیابی حاصل کی ۔مذکورہ نوجوان نے اپنی ابتدائی تعلیم مقامی اسکول سرسید مشن اسکول نتھی پورہ میں حاصل کی اور این آئی ٹی سرینگر سے انجینئرنگ کا کورس مکمل کیا۔ نوجوان کی کامیابی کے پیچھے اس کی محنت اور والدین کا تعاون ہے ۔نوجوان کا والد محکمہ جنگلات میں بطور فارسٹ گارڈ تعینات ہے ۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ محنت لگن اور ہمت سے آپ کسی بھی امتحان کو پاس کرسکتے ہیں ۔ادھر جگر پورہ کپوارہ کا نوجوان بھی سیول سروس امتحان میں کامیاب قرار پایا ہے۔اقبال رسول ڈار نے امتحان میں امیابی حاصل کر کے ضلع کپوارہ کی روایت برقرار رکھی ہے۔ کپوارہ ضلع میں ہر سال کوئی نہ کوئی امیدوار سیول سروس میں کامیاب ہورہا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ وادی کے کل 7امیدواروں نے امتحانات میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔دیگر امیدواروں میں محمد عاقب،سارہ اشرف،الطاف محمد شیخ،عامر بشیر اور ماجد اقبال خان شامل ہیں۔
 

تازہ ترین