تازہ ترین

منکوٹ تحصیل میں محکمہ جل شکتی کی اکثر سکیمیں مکمل بند

سرحدی علاقوں میں پانی کی ہاہا کار ،ملازمین ڈیوٹی سے غائب :عوام

تاریخ    15 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   


جاوید اقبال
 مینڈھر //ضلع پونچھ کی سرحدی تحصیل منکوٹ میں محکمہ جل شکتی کی جانب سے چلائی جارہی اکثر واٹر سپلائی سکیمیں بند ہو گئی ہے جس کی وجہ سے جہاں ایک جانب فوج گاڑیوں کی مدد سے پانی سپلائی کررہی ہے وہائیں کئی دیہات میں لوگ کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے پینے کیلئے صاف پانی لانے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔مقامی لوگوں نے محکمہ جل شکتی و ضلع انتظامیہ پونچھ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کروڑو ں روپے خرچ کر کے تحصیل میں کئی واٹر سپلائی سکیمیں شروع کی گئی تھی تاکہ مقامی لوگوں کو گھروں میں ہی پینے کا صاف پانی سپلائی کیا جاسکے لیکن ملازمین و آفیسران کی مبینہ لاپرواہی کی وجہ سے لگ بھگ سبھی واٹر سپلائی سکیمیں بند ہو گئی ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ آفیسران کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے ملازمین ڈیوٹی پر حاضر ہی نہیں ہورہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ملازمین کی لاپرواہی کے سلسلہ میں متعلقہ حکام کو مکمل جانکاری فراہم کرنے کے باوجود بھی کوئی عملی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ۔مقامی پنچایتی اراکین نے بتایا کہ میکینکل شعبہ کے ملازمین جل شکتی پر الزام عائدکرتے ہیں جبکہ جل شکتی کے ملازمین مشینری میں آئی خرابی کا بہانہ بنا نے میکینکل شعبہ کی ذمہ دار قرار دے کر خود باہر ہونے کی کوششیں کرتے ہیں تاہم محکمہ کے دونوں شعبوں کی جانب سے عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں کوئی سنجیدگی ظاہر نہیں کی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی علاقوں میں پانی کی سپلائی کیلئے محکمہ جل شکتی کے آفیسران کیخلاف شکنجہ کسا جائے تاکہ عام لوگوں کو پانی کی سپلائی فراہم کی جائے جبکہ ڈیوٹی سے غائب ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔