تازہ ترین

۔70سالہ دھوکہ دہی کی سیاست نے جموں وکشمیر کو برباد کیا:الطاف بخاری

ٹھاٹھری۔ ڈوڈہ میں کنونشن منعقد، متعدد سیاسی کارکنان اپنی پارٹی میں شامل

تاریخ    15 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   


 ٹھاٹھری //اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے جموں وکشمیر کی روایتی سیاسی جماعتوں کے مایوس کن رول پر افسوس کا اظہار کیا ہے جس وجہ سے انتظامی اداروں اور عوام کے درمیان رابطہ منقطع ہواہے۔ ضلع ڈوڈہ کے ٹھاٹھری علاقہ میں منعقدہ اپنی پارٹی کے یک روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بخاری نے کہاکہ پچھلے ستر سالوں سے جموں وکشمیر کی عوام خاص طور سے نوجوانوں کو دھوکہ دہی سیاست سے ٹھگا گیا جس کو اب ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا’’ انتہائی بدقسمتی کا مقام ہے کہ جموں وکشمیر کی سیاسی جماعتوں نے انتخابی مقاصد کی تکمیل کیلئے لوگوں کے جذبات کو اُکسایا اور اِس طرح کی سیاست نے خطہ کے سماجی۔ معاشی وسیاسی استحکام کو بُری طرح متاثر کیا‘‘۔ بخاری نے کہاکہ جموں وکشمیر کی سیاسی جماعتوں کی طرف سے کئے گئے سمجھوتوں کی قیمت نہ صرف لوگوں کو چکانی پڑی بلکہ اِس سے تشدد اور عدم تحفظ کو بھی شہ ملی۔اپنی پارٹی صدر نے کہا’’ایسی گندی سیاست  سے نہ صرف قیمتی جانوں کا اتلاف ہوا بلکہ اِس سے بھاری معاشی نقصان بھی ہوا جو کہ جموں وکشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے لئے نقصان دہ ثابت ہوا‘‘۔ صداقت پر مبنی سیاسی ماحول کو مضبوط کرنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھنے کا عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بخاری نے کہاکہ اپنی پارٹی جموں وکشمیر کے اندر ایک بااعتماد سیاسی آواز کے طور اُبھر کر سامنے آئی ہے جس نے شفافیت ، تقویت اور حقیقت پر مبنی سیاست کو قائم کیا ہے۔اس موقع پر پارٹی سنیئر نائب صدر غلام حسن میر نے کہاکہ ڈوڈہ خاص طور سے قصبہ ٹھاٹھری میں سیاحتی شعبہ کو ترقی دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ یہ سرزمین قدرتی وسائل سے مالامال ہے جن کو بروئے کار لانے سے خطہ کااقتصادی نقشہ ہی تبدیل ہوسکتا ہے۔ میر نے پارٹی کے ترقیاتی ایجنڈہ کو دوہراتے ہوئے کہا’’اپنی پارٹی نے جموں وکشمیر کے سبھی خطوں اور ذیلی علاقوں کی ہمہ جہت سماجی اقتصادی ترقی کا یقین دلایا ہے، جیساکہ ہمارے صد ر موصوف نے اعلان کیا ہے کہ اپنی پارٹی اگر اقتدار میں آتی ہے تو فی کنبہ ماہانہ 300یونٹ مفت بجلی فراہم کی جائے گی‘‘۔ کنونشن کے دوران سرکردہ سماجی وسیاسی کارکنان نے شمولیت اختیار کی۔