تازہ ترین

دہلی، اتر پردیش اور مہاراشٹرمیں6مشتبہ جنگجو گرفتار

تاریخ    15 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
نئی دہلی// دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کی ٹیم نے دہلی، اتر پردیش اور مہاراشٹر سے چھ مشتبہ جنگجوئوں کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے جن میں سے دو نے پاکستان میں تربیت حاصل کی ہے ۔اسپیشل سیل اسپیشل کمشنر آف پولیس نیرج ٹھاکر نے کل یہاں صحافیوں کو بتایا کہ گرفتار شدگان کی شناخت ابوبکر، جان محمد علی شیخ، اسامہ، مول چند عرف لالہ، ذیشان قمر اور محمد عامر جاوید کے طور پر ہوئی ہے ۔ ان میں سے اسامہ اور ذیشان نے پاکستان میں تربیت حاصل کی ہے ۔ یہ لوگ نوراتری، رام لیلا اور دیگر تہواروں کے دوران مختلف ریاستوں میں بم دھماکوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ اسامہ اور ذیشان یہاں سے مسقط گئے اور وہاں سے پاکستان جاکر 15 دن کی ٹریننگ لی۔ ان دونوں کے انڈر ورلڈ سے روابط تھے ، جو داؤد ابراہیم کے بھائی انیس ابراہیم کے ذریعہ آپریٹ کیا جارہا تھا۔مسٹر ٹھاکر نے بتایا کہ ان میں سے تین لوگوں کو اترپردیش سے ، دو کو دہلی اور ایک کو مہاراشٹر سے گرفتار کیا گیا ہے ۔ ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے ۔