تازہ ترین

پلوامہ کے مین چوک میں گرینیڈحملہ

غیر ریاستی مزدور سمیت4شہری زخمی

تاریخ    15 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   
(File Photo)

سید اعجاز
پلوامہ//جنوبی ضلع پلوامہ ضلع ہیڈکوارٹر پر منگل کو پولیس کو نشانہ بنانے کی غرض سے مشتبہ اسلحہ برداروں نے گرینیڈ پھینکا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کی زد میں آکر ایک غری ریاستی مزدور سمیت 4افراد زخمی ہوئے۔یہ واقعہ ساڑھے 12بجے کے قریب مین چوک پلوامہ میں پیش آیا جب یہاں لوگوں کی بھاری بھیڑ موجود تھی۔نامعلوم افرادنے  پولیس کے ایک آفیسر کی گاڑی کونشانہ بنانے کی ناکام کوشش کی اور گرینیڈ کے آہنی ریزوں کی زد میں آکر 4شہری زخمی ہوئے۔اس موقعہ پر مین چوک میں افراتفری پھیل گئی اورلوگ ادھراُدھر بھاگنے لگے ۔زخمیوں کونزدیک ہی واقع ضلع اسپتال منتقل کیاگیا جبکہ سیکورٹی فورسزنے علاقے کومحاصرے میں لیکرحملہ آوروںکی تلاش شروع کی ۔ کچھ وقت کیلئے قصبہ میں ہر طرح کی آمد و رفت معطل رہی،تاہم پھرحالات معمول پرآگئے ۔اسپتال میں داخل کئے گئے زخمیوںکے بارے میں بتایاجاتاہے کہ اُن کوزیادہ گہری یاسنگین چوٹیں نہیں آئی ہیں اورچاروںکی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے ۔ان میں سے دو کی شناخت بہاری مزدور جتیندر کمار ولد مہیش کمار اور اظہر خورشید ساکن ڈلی پورہ پلوامہ کے بطور ہوئی ہے۔خیال رہے گزشتہ ہفتے سرینگرکے چھانہ پورہ علاقہ میں ہوئے اسی طرح کے ایک گرینیڈ دھماکے میںدوخواتین سمیت 3 افرادمضروب ہوگئے تھے ۔جبکہ صرف دو روز قبل خانیار میں پولیس سب انسپکٹر کو ٹارگٹ کلنگ کے دوران جاں بحق کیا گیا۔ سوموار کے روز ہی سیکورٹی فورسزنے  بمنہ بائی پاس پر ایک سیمنٹ بیگ میں چھپائے گئے6گرینیڈ برآمد کئے ۔