تازہ ترین

بابا گیل لمبر بونیار بنیادی سہولیات سے محروم | مقامی آبادی گوناگوں مسائل سے دوچار

تاریخ    15 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   


ظفر اقبال
اوڑی//بونیار تحصیل ہیڈ کواٹر سے تقریباً14کلو میٹر دور بابا گیل لمبر نامی گائوں بنیادی سہولیات سے محروم ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کو طرح طرح کے مشکلات کا سامنا ہے۔ گائوں کے ایک باشندے غلام قادر نے بتایا کہ کئی سال قبل پی ایم جی ایس وائی محکمہ نے لمبر سے بابا گیل تک سڑک تعمیر کی جو اب کھنڈرات میں تبدیل ہو گئی ہے اورگاڑیوں کی نقل و حرکت مشکل بن گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پی ایم جی ایس وائی اور وائلڈ لائف محکمہ کے درمیان تال میل نہ ہونے کی وجہ سے ابھی تک اس سڑک پرمیکڈم نہیں بچھایا گیا ۔ غلام قادر نے بتایا کہ باباگیل کے بالکل نزدیک جنگلی جانوروں کی ایک پناہ گاہ ہے جہاں مختلف قسم کے جنگلی جانور اور پرندے پائے جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہاں اکثر انسانی جانوں کو جنگلی جانوروں کا خطرہ رہتا ہے جو اکثر مویشیوں کو نشانہ بنانے کے علاوہ فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ گائوں میں بجلی اور پانی کا ترسیلی نظام درہم برہم ہے۔بجلی کی ترسیلی لائنیں اور کھمبے بوسیدہ ہو چکے ہیں جبکہ پینے کے پانی کی لائن بھی بوسیدہ ہو چکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گائوں میں مواصلاتی سہولیات بھی دستیاب نہیں ہیں جس کی وجہ سے وہ باقی دنیا سے مکمل طور کٹ کر رہ گئے ہیں۔ انہوںنے مزید بتایا کہ مواصلاتی سہولیات دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے طالب علم آن لائن نظام تعلیم سے محروم ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے بیک ٹو ولیج پروگراموں میں بھی اپنے یہ مسائل درج کرائے تھے مگر ابھی تک کوئی بھی مسئلہ حل نہیں ہوا۔انہوںنے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ ان کے گائوں کے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیںتا کہ وہ راحت کی زندگی بسر کر سکیں۔