تازہ ترین

مزید خبرں

تاریخ    24 جولائی 2021 (00 : 01 AM)   


ڈورو اننت ناگ میں  19سالہ نوجوان کی لاش بر آمد

عارف بلوچ
 
سرینگر// ڈورو اننت ناگ میں پولیس نے ایک19سالہ نوجوان کی لاش کو برآمد کر لیا ہے ۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے مزیدتحقیقات شروع کی ہے ۔  اننت ناگ کے ڈورو علاقے میں جمعہ کی دوپہر کو ایک  نوجوان کی لاش بر آمد کی گئی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع اننت ناگ کے ڈورو علاقے کے شستر گام گاوں میں مقامی لوگوں نے ایک نوجوان کی لاش دیکھی اور فوری طور اس کے متعلق پولیس کو مطلع کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس اسٹیشن ڈورو کی ایک ٹیم جائے واردات پر پہنچ گئی اور لاش کو قانونی و طبی لوازمات کی ادائیگی کے لئے اپنی تحویل میں لیا۔ لاش کی شناخت انعام الحق ولد جاوید احمد وانی ساکن نتھی پورہ ڈورو کے طور کی گئی ہے۔ایس ایچ او ڈورو نزیر احمد اندرابی کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی حقائق کا پتہ چلے گا ۔اس بیچ نوجوان کی نعش جو نہی آبائی گھر پہنچی تو وہاں کہرام مچ گیا۔نوجوان NEET کی پڑھائی کرتا تھا ۔پولیس نے واقعے کے حوالے سے ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔
 
 

پولیس اہلکاروں کے294ہونہار بچوں کے حق میں14.60لاکھ کا وظیفہ منظور

سرینگر//پولیس سربراہ نے پولیس اہلکاروں کے بچوں میں مقابلے اور قابلیت کی حوصلہ افزائی کرنے کیلئے 294بچوں کے حق میں14لاکھ60ہزارروپیہ کاوظیفہ منظور کیا۔ان بچوں کو یہ وظیفہ تعلیمی سیشن 2020-21کے دوران دسویں جماعت کے امتحان میں قابل فخر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر دیا گیا۔یہ وظیفہ سینٹرل پولیس ویلفیئرفنڈ سے منظور کیاگیا۔142بچوں کے حق میں 6000روپیہ کاوظیفہ منظور کیاگیا جنہوں نے نوے فیصد سے زیادہ نمبرات حاصل کئے تھے جبکہ 152بچوں کے حق میں 4000روپے کا وظیفہ منظور کیاگیااورانہوں نے دسویں جماعت کے امتحان میں اَسی فیصد یااُس سے زیادہ نمبرات حاصل کیے۔
 
 

دربار مو کی منسوخی سے بے روزگاری میں اضافہ ہوا: قدفین 

متواتر3برسوں میں تاجروں کو40ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہوا 

سرینگر//کانگریس لیڈر قدفین چودھری نے حکومت سے دربار مو کی منسوخی کے فیصلے کو واپس لینے کی مانگ کی ہے۔ قدفین چودھری نے جمعہ کو کہاکہ دربارمو ختم کرنے کے فیصلے کے دوررس اور منفی اثرات مرتب ہونگے۔ انہوںنے بیان میں کہاکہ جموں اور سرینگر میں تاجر طبقہ لگاتار 3لاک ڈائونوں کے سبب مشکلات سے دوچار ہیں، بھاجپا حکومت کی طرف سے دربارمو کو ختم کرنے سے اس میں مزید تباہی لاسکتی ہے اور حالات بد سے بدتر ہونگے۔ قدفین نے کہاکہ گزشتہ3برسوں کے دوران جموں اور سرینگر میں تاجروں کو 40ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے اور اس کا مطلب ہر دن 1.5کروڑ روپے خسارہ ہوا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پہلے ہی یوٹی میں اقتصادی حالت پتلی ہے اور دربار مو کے خاتمہ سے بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ انہوںنے کہا کہ دربار مو ثقافتوں ، شناختوں اور علاقوں کے باہمی ملاپ کے لئے راہ ہموار کر رہا ہے اور حکومت کی طرف سے صدیوں پرانے اس عمل کو خارج کرنے سے نہ صرف معاشی حالت دگرگوں ہوئی ہے بلکہ دونوں خطوں کے درمیان ایک خلیج پیدا ہوگئی ہے جواعتماد، ہم آہنگی اور یکجتی کی مثال تھی۔ 
 

غلام نبی وانی سوگامی کی خدمات ناقابل فراموش

۔40ویں برسی پر نیشنل کانفرنس کا خراج عقیدت 

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے مجاہد آزادی اور سابق ریاستی وزیر غلام نبی وانی (سوگامی)کی 40ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔ ڈاکٹر فاروق اور عمر عبداللہ نے کہا کہ موصوف نے پسماندہ طبقوں سے وابستہ لوگوں کی بھلائی کے لئے قابل قدر خدمات انجام دیں اور خدمت خلق کے ساتھ ساتھ سیاسی خدمات بھی انجام دیئے۔ علاقہ لولاب کے عوام ان کی قابل قدر خدمات کو فراموش نہیں کرسکتے ہیں۔ انہوںنے مرحوم سوگامی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ غریب لوگوں کے لئے جو قابل قدر خدمات انجام دیئے ، اُن کی وجہ سے مرحوم کو علاقہ میں قابل قدر نگاہوں سے دیکھا جاتا ہے ۔ مرحوم سوگامی کے بے شمار عوامی خدمات ابھی ابھی لولاب اور گردنواح کے لوگوں کے دلوں میں یاد ہیں۔ پارٹی کے دیگر لیڈران نے بھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اور اُن کے سیاسی خدمات کی سراہنا کی۔ مرحوم کے یو م وصال کے سلسلے میں اُن کے مقبرہ واقع لولاب سوگام میں اجتماعی فاتحہ خوانی اور گلباری کی گئی۔
 

بزرگان دین کے عرائص مبارک

نواکدل، فتح کدل اور گوجوارہ میں منائے گئے

سرینگر// وادی میں حضرت حفظ بصیرؒ کا 496واں عرس مبارک (خندہ بھون نواکدل) ، عرس مبارک حضرت سید علی اکبرؒ (محلہ سید علی اکبر فتح کدل) اور عرس مبارک حضرت شیخ ملا حسین رہنماؒ (اسلامیہ کالج گوجوارہ) ایک ساتھ منائے گئے۔ صبح صادق ہی آستانوںپر قرآن خوانی، خطمات المعظمات ، دورد و اذکار، کبرت احمر، اورادِ فتح اور مولود خوانی کی روح پرور مجالس کا انعقاد ہوا۔ وادی کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے عقیدتمدون نے تقریبات میں شرکت کی۔ غلام نبی کینگ قادری نے خندہ بھون  نواکدل کی تقریب کی صدارت کی اور خطمات کی پیشوائی جبکہ مولانا شوکت حسین کینگ ،صاحبزادہ مجتبیٰ نے درگاہِ سید علی اکبرؒ کی تقریب کی پیشوائی کی اور سید محمد کاملی نے گوجوارہ میں منعقدہ مجلس کی صدارت کی۔ جمعیت کے محمد اشرف عنایتی بھی خندہ بھون میں موجود تھے۔ 
 

ایف اے اواور ڈبلو ایچ او کی مشترکہ میٹنگ

اسلامک یونیورسٹی کے ڈاکٹر بشارت نبی شرکت کرینگے

اونتی پورہ //اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹکنالوجی کے ڈاکٹر بشار ت نبی کو ایف اے او /ڈبلو ایچ او کی چھوٹے کیڑوں سے تازہ میوہ جات کو بچانے کیلئے سال 2021-22میں منعقد ہونے والی مشترکہ میٹنگوں میں بطور ماہر ممبر کے شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ دنیا کے مختلف ممالک میں17ماہرین کو آن لائن اور ظاہری میٹنگوں میں شامل ہونا ہے۔ ڈاکٹر بشارت بھارت کے واحدماہر خوراک ہے جنہیں شامل کیا گیا ہے۔ میٹنگوں کا مقصدتازہ پھلوں، سبزیوں اوردیگر کھانے کیلئے تیار چیزوں کو کیڑوں سے دور رکھنے کے اقدامات پر غور و خوص کر نا ہوگا۔ میٹنگوں میںکھلے اور محفوظ میدانوں، گرین ہاسوں اور نیٹ  ہاوسز، فصل کاٹنے کے بعد اٹھائے جاننے والے اقدامات، پیکنگ اور سبزوں اور تازہ میوہ  کی صفائی، علیحدہ کرنا، کاٹنا اور دیگر چیزیں شامل ہے۔ میٹنگوں میں مارکیٹنگ اور فوڈ چین بھی شامل ہے۔