تازہ ترین

عوام کی راحت رسانی نیشنل کانفرنس کابنیادی منشور

وادی بھر سے آئے وفود کو عمر عبداللہ کی یقین دہانی

تاریخ    24 جولائی 2021 (00 : 01 AM)   


سرینگر// وادی کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے کئی وفود بشمول پارٹی لیڈران، عہدیداران اور کارکنان نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ سے اُن کی رہائش پر ملاقی ہوئے۔ وفود اور پارٹی زعما و دیگر کارکنوں نے عمر عبداللہ کو عید مبارک پیش کی۔ وفود نے عمر عبداللہ کو اپنے اپنے علاقوں کے لوگوں کے گوناگوں مسائل و مشکلات ،جن میں اقتصادی ومعاشی بدحالی، بے چینی اور غیر یقینیت، بے روزگاری اور مہنگائی کے علاوہ ضروریاتِ زندگی کی عدم فراہمی قابل ذکر ہیں،سے آگاہ کیا۔ لوگوں نے کہا کہ بار بار حکمرانوں کی نوٹس میں لانے کے باوجود بھی اُن کی دادرسی نہیں ہورہی ہے بلکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مشکلات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ عمر عبداللہ نے وفود سے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہمیشہ عوامی مسائل سے باخبر ہے اور اس وقت لوگوں کو جن جن مسائل و مشکلات کا سامنا ہے ہم انہیں ہر سطح پر اُجاگر کرنے کے علاوہ اس بات کی حد درجہ کوشش کرتے ہیں کہ ان کا ازالہ ہے کیونکہ لوگوں کی راحت رسانی نیشنل کانفرنس کا بنیادی منشور ہے۔ انہوں نے پارٹی عہدیداران اور کارکنان پر زور دیاکہ وہ موجودہ سخت ترین دور میں زمینی سطح پر لوگوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھ کر اُن کے دکھ سکھ میں پیش پیش رہیں۔ حضرت بل کے دکانداروں کے ایک وفد نے شکایت کی کہ گذشتہ ڈیڑھ سال سے انہیں دکانیں کھولنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ، جس کی وجہ سے اُن کے کنبے فاقہ کشی پر مجبور ہوگئے ہیں۔