تازہ ترین

ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ کی صدارت میں میٹنگ

آنے والے محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لیاگیا

تاریخ    24 جولائی 2021 (00 : 01 AM)   


بارہمولہ //ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ بھوپندر کمار نے ڈاک بنگلہ میں میٹنگ منعقد کی جس میں آنے والے محرام الحرام کی تقریبات کاجائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں اس بات پر تفصیل کے ساتھ غوروخوض کیاگیا کہ کووڈ19کو دیکھتے ہوئے خصوصی انتظامات منعقد کئے جائیںگے تاکہ اس وبائی بیماری کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ میٹنگ میں حسینی ریلیف کمیٹی بارہمولہ کے صدر محمد اسحاق وانی نے مختلف امور اور شکایات سے آگاہ کیا جنہیں حل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلا تعطل پینے کے پانی اور بجلی کی فراہمی ، مناسب راشن ، متبرک ایام کے دوران بالن کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اسی طرح مختلف علاقوں سے وابستہ متعدد دیگر نمائندوں نے پینے کے پانی ، بجلی ، راشن ، کچھ اہم مقامات پر لائٹس کی تنصیب سے متعلق مختلف امور اور شکایات سے بھی آگاہ کیا۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ زیادہ تر خصوصا شیعہ اکثریتی علاقوں میں بجلی اور پانی کی فراہمی کے سلسلے میں مناسب انتظامات کریں۔ انہوں نے ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے اور ایک قابل عمل میکانزم بنانے کی بھی ہدایت دی تاکہ عقیدت مندوں کو شکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کمار نے میونسپل حکام کو ہدایت کی کہ وہ تمام اہم مقامات مثلا امام باڑوں ،آستانوں اور مساجد کی صفائی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ مناسب انتظامات کریں اور چہرے کے ماسک ، سینیٹائزرز اورقوت مدافعت بڑھانے والی ادویات کا منساب انتظام کریں۔ ڈی سی نے استدعا کی کہ کورونا سے متعلق معیاری عملیاتی طریقہ کار (SOPs)پر من و عن عمل کریں تاکہ اس وبائی بیماری کوپھیلنے سے روکا جاسکے۔ میٹنگ میں ایس ایس پی بارہمولہ ، بارہمولہ اور سوپور کے اے ڈی سی ، ایس ڈی ایم ، ضلعی اور سیکٹرل افسران ، مختلف شعبوں کے سربراہان ، شیعہ ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے علاوہ دیگر کارکنان نے شرکت کی۔