تازہ ترین

لرہ گام ترال میں ماتم کی لہر

اسلحہ برداروں کے ہاتھوں سرکاری ملازم ہلاک

تاریخ    24 جولائی 2021 (00 : 01 AM)   


سید اعجاز
ترال // قصبہ کے ایک مضافاتی گائوں میں مشتبہ اسلحہ برداروں نے محکمہ تعلیم میں کام کررہے ایک ملازم کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔ لرگام ترال نامی گائوں میںتیسری عید کی خوشیاں اس وقت ماتم میں تبدیل ہوئیں جب رات کے قریب ساڑھے 9بجے گھر سے باہر نا معلوم اسلحہ برداروں نے پیشے سے سرکاری ملازم 35سالہ جاوید احمد ملک ولد غلام محمد ملک کو نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا۔ اگرچہ مقامی لوگوں کی مدد سے اسے سب ضلع اسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ تب تک زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ چکا تھا۔اسپتال ذرائع نے بتایا کہ اسکی چھاتی میں تین گولیاں پیوست ہوئی تھیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ وہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کہلیل میںبطور چپراسی کام کررہا تھا۔اس ہلاکت کے بعد پورا گائوں ماتم کدے میں تبدیل ہوگیا ہے۔