ڈوڈہ کے میدانی و بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش

ندی نالوں میں طغیانی، رابطہ سڑکیں زیر آب، بیشتر دیہات میں پانی و بجلی نظام متاثر

تاریخ    21 جولائی 2021 (00 : 01 AM)   


اشتیاق ملک
ڈوڈہ //وادی چناب کے دیگر حصوں کی طرح ڈوڈہ ضلع کے میدانی و بالائی علاقوں میں منگل کی شب موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو دوپہر تک جاری رہی۔ اس دوران ندی و نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا جبکہ شہر و گام کی رابطہ سڑکیں زیر آب ہوگئیں اور بیشتر دیہات میں پانی و بجلی نظام متاثر ہوا۔اطلاعات کے محکمہ موسمیات کی پیشگی اطلاع کے عین مطابق منگل کی شب شروع ہوئی بارشوں کا سلسلہ دوپہر تک جاری جس کے نتیجے معمولات زندگی متاثر ہوئی. شدید بارشوں کی وجہ سے جہاں ندی و نالوں میں طغیانی آگئی وہیں ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ ،بونجواہ، گندنہ و عسر کی رابطہ سڑکیں زیر آب ہوگئیں اور کئی ایک مقامات پر ہلکے پتھر گرنے کا عمل بھی شروع ہوا تاہم وقفہ وقفہ سے ٹریفک کی آمدورفت چالو رہی۔ بارشوں کے نتیجے میں بیشتر علاقوں میں پانی و بجلی کا نظام متاثر ہوا اور ایک بار پھر سے پھلوں و فصلوں کو نقصان پہنچا۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بیشتر سڑکوں پر نکاسی نظام کی عدم دستیابی سے بارش کا پانی سڑکوں کا رخ اختیار کرتا ہے جس کے باعث مسافر بردار گاڑیوں و عام راہگیروں کو سفر کرنے میں دقتوں کا سامنا رہتا ہے۔ادھر ضلع انتظامیہ نے پہلے ہی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں سے ندی و نالوں سے دور رہنے، خراب موسم کے دوران گھر سے باہر نکلنے میں احتیاط برتنے و ایمرجنسی کے دوران ضلع و مقامی انتظامیہ سے رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
 

تازہ ترین