بارشوں کے بعد چٹانیں اورمٹی کے تودے گرآئے

سری نگرجموں شاہراہ آمدورفت کیلئے بند،آج دو پہر سے بارشوں کا سلسلہ تھم جائیگا: محکمہ موسمیات

تاریخ    21 جولائی 2021 (00 : 01 AM)   


اشفاق سعید
سرینگر // وادی میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ منگل دوپہر تک جاری رہا۔ دوران شب پوری وادی میں جم کر بارشیں ہوئیں، جس سے چھوٹیء بڑے ندی نالوں میں پانی کی سطح میں معمولی اضافہ ہوا۔ادھرسرینگرجموں شاہراہ کومنگل کے روز ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بندرکھاگیا کیونکہ دوران شب موسلادھار بارشیں ہونے کے بعدپنتھیال گرکوٹ سمیت کئی نزدیکی پہاڑیوں سے چٹانیں اورمٹی کے تودے گرآئے ۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق سوموار کی صبح سے ہی موسمی صورتحال میں تبدیلی آئی جس دوران بالائی علاقوںکے ساتھ ساتھ میدانی علاقوں میں بارشیںہوئیں۔ محکمہ نے کہا ہے کہ اس طرح کی صورتحال 21جولائی دوپہر تک جارہی رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 5.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 18.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ۔ وادی کے شمال و جنوب میں واقع دیگر اضلاع میں بھی تازہ بارشیں ہوئیں جس میں سرینگر، پلوامہ، اننت ناگ، بڈگام، گاندربل، شوپیان ،کپواڑہ اور دیگر کئی اضلاع شامل ہیں۔حکام نے بتایاکہ سومواراورمنگل کی درمیانی رات ہونے والی موسلادھاربارشوں کے بعدپنتھیال اوردیگر نزدیکی پہاڑیوں سے چٹانیں اورمٹی کے تودے گرآئے،جسکے بعد شاہراہ کومنگل کی صبح احتیاطی طورپرگاڑیوںکی آواجاہی کیلئے بندکردیاگیا ۔انہوںنے کہاکہ شاہراہ کوہرطرح کے ٹریفک کیلئے فی الحال بندکردیاگیا ہے ۔حکام نے بتایاکہ نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا نے شاہراہ کوپھرسے قابل آمدورفت بنانے کیلئے مزدوروں اورمشینوںکوکام پرلگادیا ہے ۔۔انہوںنے کہاکہ منگل کے روز چھوٹی گاڑیوں کوجموں سے سرینگرآنے کی اجازت تھی جبکہ بڑی گاڑیوں اورسیکورٹی فورسزکی کانوائے کوسرینگرسے جموں روانہ ہونے کی اجازت تھی لیکن موسمی صورتحال خراب ہونے کے بعدکسی بھی جانب سے کسی بھی طرح کی گاڑی کوآگے جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔

تازہ ترین