کورونا وائرس| اموات میں پھر اُچھال، 6فوت

۔126دنوں بعد مثبت معاملات کی تعداد 100سے کم

تاریخ    21 جولائی 2021 (00 : 01 AM)   


پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر میں 126دنوں کے بعد پہلی مرتبہ یومیہ روزانہ وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 100سے کم ہوگئی ہے۔ منگل کو جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 55ہزار 407ٹیسٹ کئے گئے جن میں 2سفر کرنے والوں سمیت 88افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔اس سے قبل جموں و کشمیر میں 14مارچ کو کورونا وائرس سے 97افراد وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 3لاکھ 20ہزار 112ہوگئی ہے۔ اس دوران 15دنوں کے بعد ایک مرتبی پھر اموات میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے اور 24گھنٹوں کے دوران وائرس سے 6افراد اپنی جان گنواچکے ہیں۔ متوفین کی مجموعی تعداد  4371ہوگئی ہے۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران جموںو کشمیر کے 15اضلاع میں کورونا وائرس سے مزید 88افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں جموں کے 8اضلاع میں 35اور کشمیر صوبے کے 7ضلاع میں53افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔کشمیر صوبے کے پلوامہ ، کولگام اور شوپیان میں کوئی بھی متاثر نہیں ہوا ہے جبکہ سرینگر میں 16، بارہمولہ میں 10،بڈگام میں 5،کپوارہ میں6،اننت ناگ میں 7، بانڈی پورہ میں 5 اور گاندربل میں 4افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ98ہزار344ہوگئی ہے۔ اس دوران کشمیر صوبے میں کورونا وائرس سے مزید ایک شخص فوت ہوگیا ہے۔ مرنے والے شخص کو چند دن قبل سی ڈی  اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ منگل کو فوت ہوگیا ہے۔ جموں صوبے  کے 8اضلاع میں کوروناوائرس سے مزید 35افراد متاثر ہوگئے ہیں جن میں 1بیرون ریاستوں سے سفر کرکے جموں پہنچا جبکہ دیگر 34افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے کے ریاسی اور سانبہ میں کوئی بھی شخص وائرس سے متاثر نہیں ہوا  لیکن جموں ضلع میں 11، ادھمپور میں 5، راجوری میں 4، ڈوڈہ میں 6، کٹھوعہ میں 1، کشتواڑ میں 2، پونچھ میں 4، رام بن میں 2افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 21ہزار 320ہوگئی ہے۔ پچھلے 24گھنٹوں کے دوان جموں و کشمیر میں کوونا وائرس سے مزید 5افراد فوت ہوگئے ہیں۔ مرنے والوں میں ایک ضلع اسپتال ادھمپور میں 1، کیمونٹی ہیلتھ سینٹر ادھمپور میں 1جی ایم سی ڈوڈہ میں 1اور جی ایم سی جموں میں 2افراد فوت ہوگئے ہیں۔ جموں صوبے میں متوفین کی مجموعی تعداد 2137ہوگئی ہے۔ 
 

تازہ ترین