تازہ ترین

وسطی ضلع بڈگام میں لشکر جنگجوﺅں کا نیٹ ورک فاش،5گرفتار: پولیس

تاریخ    19 جولائی 2021 (29 : 04 PM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//پولیس نے پیر کو بتایا کہ وسطی ضلع بڈگام میں ایک مقامی جنگجو سمیت لشکر جنگجوﺅں کے پانچ معاونوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایک مخصوص اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بڈگام پولیس نے فوج اور سی آر پی ایف کے ساتھ مل کر لشکر سے وابستہ ایک مقامی جنگجو کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے ایک چینی پستول ، ایک میگزین ، 8 زندہ پستول راونڈ اور دیگر قابل اعتراض مواد بر آ مد کیا۔پولیس نے اپنے بیان میں گرفتار جنگجوکی شناخت محمد یونس میر ساکن چون بڈگام کے طور کی۔
پولیس کے مطابق یونس سے پوچھ گچھ کے بعد بڈگام پولیس نے جنگجوﺅںکے چارمعاونوں کو گرفتار کرکے لشکر طیبہ کے ایک نیٹ ورک کو فاش کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ ان کے قبضے سے 2 ہینڈ گرنیڈ سمیت قابل اعتراض مواد اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
پولیس نے گرفتار شدگان کی شناخت کلبگ بڈگام کے رہائشی عمران ظہور گنائی ، عمر فاروق وانی ساکن اومپورہ بڈگام ، فیضان قیوم گنائی اور شاہنواز احمد میر ساکنان چون بڈگام کے طور پر کی ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتارشدگان بڈگام کے مختلف علاقوں میں سرگرم لشکرجنگجوﺅں کے فعال معاو ن تھے اور انہیںہر قسم کی مدد فراہم کرنے میں ملوث تھے۔
اس مناسبت سے تھانہ بڈگام میں ایف آئی آر نمبر 219 کے تحت کیس درج کرکے مزید تفتیش شروع کی گئی ہے۔