تازہ ترین

جموں کشمیر میں بارش کے بعدشدید گرمی سے قدرے راحت

تاریخ    19 جولائی 2021 (45 : 10 AM)   
(Representational file pic)

نیوز ڈیسک
سرینگر//اتوار کے روز موسم کے گرم ترین دن کے بعد پیر کو جموں و کشمیر میں مون سون کی بارش ہوئی ہے جس نے لوگوں کو شدید گرمی سے کچھ راحت بخشی۔
گذشتہ روزسری نگر اور جموں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بالترتیب 35 ڈگری سینٹی گریڈ اور 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اطلاعات میںمحکمہ موسمیات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ جموں و کشمیر میںآج صبح سویرے سے موسم خوشگوار ہے کیونکہ یوٹی کے دونوں خطوں کے اندر کہیں کم تو کہیں درمیانہ درجے کی بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔محکمہ نے مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ کے مطابق مزید دو دنوں تک درمیانہ درجے سے انتہائی موسلا دھار بارش متوقع ہے ۔
محکمہ موسمیات نے اونچی جگہوں پر رہنے والے لوگوں کو محتاط رہنے کو کہا ہے جبکہ سیاحوں اور ٹریکروں کو پہاڑوں یا ندیوں کے کناروں پر کیمپوں سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ نے جموں و کشمیر کے دونوں صوبوں کے ڈویژنل کمشنروں کو انتباہ جاری کیا ہے کہ 21 جولائی تک بارش ہونے کا زیادہ امکان ہے۔اس دوران وسیع پیمانے پر بارش کے ساتھ ساتھ آسمانی بجلی اور گرج چمک کا بھی امکان ہے۔
یاد رہے کہ بدھ کو جموں و کشمیر میں عیدالاضحی کا تہوار منایا جارہا ہے ۔