تازہ ترین

سرحدی گائوں دیگوار میں آبپاشی نہر عرصہ دراز سے بند

انتظامیہ کی لاپرواہی سے تنگ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت پانی بحال کیا

تاریخ    11 جون 2021 (00 : 01 AM)   


حسین محتشم
پونچھ// آبی زمینوں کی سینچائی کے لئے اگر چہ سرکار کی جانب سے محکمہ آبپاشی تشکیل دیا گیا ہے لیکن ضلع پونچھ میں زمینی سطح پر مذکورہ محکمہ کی کارکردگی برائے نام ہی ہے جس کی وجہ سے متعلقہ محکمہ کے زیر تحت آنے والی اکثر نہریں خشک اور خستہ حال ہو چکی ہیں۔ سرحدی گائوں دیگوار میں محکمہ ٓابپاشی کی جانب سے زمینوں کی سینچائی کیلئے جو نہر بنائی گئی ہے وہ لگ بھگ ایک سال سے بند ہے۔ اس نہر کی خستہ حالت ہے کی وجہ سے وہاں کی آبی زمینی بنجر ہوتی جارہی ہیں۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مذکورہ نہر کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جاتی جس کی وجہ سے ان کی زمین خشک ہو چکی ہیں۔کسانوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں انہوں نے کئی مرتبہ انتظامیہ کے اعلیٰ افسران سے رجوع کیا ہے لیکن اس کے باوجود بھی اس طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی۔انھوں نے کہا کہ اس بار بھی جب محکمہ کی جانب سے کچھ نہیں کیا گیا تو مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کرتے ہوئے نہر میں پانی بحال کرنے کے لئے تقریبا 80فٹ ترپال ، ار درجنوں ٹین کی چادریں خرید کر نہر کا پانی بحال کیا ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ وہ بار بار متعلقہ افسران سے اپیل کرتے آ رہے ہیں تاہم نہر میں پانی کی بحالی اور کسانوں کو سہولیات فراہم کرنے کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جاتی۔انہوں نے کہاکہ پانی کی کمی کی وجہ سے کسانوں کی زمین بنجر ہو تی جارہی ہیں۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ نہر کی جلداز جلد مرمتی کرکے اسے بحال کیا جائے تاکہ کسانوں کو سہولیات فراہم ہو سکیں۔
 

تازہ ترین