تازہ ترین

۔13برس سے 650انچارج زونل ایجوکیشن افسران منتظر

مستقلی کی فائل سکریٹریٹ میں دھول چاٹ رہی ہے

تاریخ    11 جون 2021 (00 : 01 AM)   


اشفاق سعید
سرینگر // 13برس گزر جانے کے باوجود بھی جموں و کشمیر کے 650انچارج زونل ایجوکیشن افسران کی مستقلی کی فائل سیول سکریٹریٹ میں دھول چاٹ رہی ہے اور متعلقہ محکمہ کے عہداداران فائل پر مزید کارروائی کرنے میں لیت ولعل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ کئی ایک سابق زونل ایجوکیشن افسران مستقلی کی مانگ کرتے کرتے اس دنیا سے بھی رخصت ہو چکے ہیں ،لیکن پھر بھی محکمہ کی نیند نہیں ٹوٹ رہی ہے ،جبکہ کئی ایک نوکریوں سے سبکدوش بھی ہوئے ہیں۔ محکمہ ایجوکیشن نے 22اور 23جون کو ایک میٹنگ رکھی ہے جس میں اس حوالے سے کچھ اہم فیصلے ہونے کا امکان ہے۔ ایک وفد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جموں وکشمیر میں انچارج زونل ایجوکیشن افسران کی تعداد 650کے قریب ہے جو گذشتہ 13برس سے مستقلی کی مانگ کر رہے ہیں ۔وفد نے بتایا کہ سال2011میں آخری مستقلی کا آڈر اجرا ہوا تھاجس میں یکم اپریل 2008 تک  زونل ایجوکیشن آفیسران کو مستقل کیا گیا اور2اپریل 2008سے تاحال تمام انچارج زونل ایجوکیشن افسران مستقلی کے منتظر ہیں۔ 2018میں 630زونل ایجوکیشن افسران کی ایک فہرست کمشنر سکریٹری سکول ایجوکیشن کی جانب سے اجرا کی گئی ،لیکن اس پر کوئی عمل درآمد نہیں ہوا اور نہ کوئی کارروائی ہوئی ۔ انہوں نے بتایا کہ 2018میں ہی 337 انچارج زونل ایجوکیشن افسران کی ایک اور فہرست مرتب کی گئی جن کی ویجی لنس کلیئرنس بھی آچکی ہے صرف ڈی پی سی کے ذریعے مستقلی کے احکامات جاری کرنا باقی تھے، لیکن یہ معاملہ بھی گول کیا گیا۔ وفدکے مطابق اس سال نئے سرے سے انچارج زونل ایجوکیشن افسران سے دوبارہ اپنے اپنے کاغذات یعنی اے پی آرز ، انٹگریٹی سرٹیفکیٹ ،اور پوسٹنگ چارٹ مانگی گئی اور تقریباّ 650 افسران نے دوبارہ اپنے کاغذات محکمہ میں جمع کرائے ۔ معاملہ گورنر اور کمشنر سکریٹری کی نوٹس میں بھی لایا گیا اور اس ضمن میں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ بہت جلد مستقلی کے احکامات صادر کئے جائیں گے ۔ وفد نے بتایا کہ ان کی فائل سیکریٹریٹ میں دھول چاٹ رہی ہے۔محکمہ تعلیم کے ایڈیشنل سکریٹری نصیر احمد وانی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس سلسلے میں ہم نے 22اور 23جون کو ایک میٹنگ رکھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جن کے کاغذات مکمل ہوئے ہوں گے ان کی مستقلی کیلئے  فوری اقدامات کئے جائیں گے ۔
 

تازہ ترین