کووڈ متاثرین کی موت میں ہوئے اضافے سے عوام میں خوف

راجوری میں مزید 5کی موت ،111نئے معاملات درج کئے گئے

تاریخ    4 مئی 2021 (00 : 01 AM)   


سمت بھارگو
راجوری //سرحدی ضلع راجوری میں کووڈ سے ہورہی اموات کی شرح میں اضافے کیساتھ ہی عام لوگوں میں بھی خوف و ہراس پایا جارہا ہے جبکہ گزشتہ روز بھی ضلع میں کووڈ سے 5مریضوں کی موت واقعہ ہو گئی ہے جبکہ ضلع سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کی جموں میں بھی موت ہوئی ہے ۔حکام کے مطابق گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے 4افراد کی موت ہوئی جبکہ ایک شخص کالاکوٹ میں فوت ہوگیا ہے ۔گور نمنٹ میڈیکل کالج کے حکام کے مطابق میڈیکل کالج کی متعلقہ وارڈ میں اس وقت 60کے قریب مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 56کو آکسیجن لگایا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پیر کے روز میڈیکل کالج میں چار افراد کی موت ہوئی جبکہ سرحدی ضلع پونچھ کے منڈی علاقہ کی ایک زیر علاج خاتون کی بھی ہسپتال میںموت واقعہ ہو گئی ہے ۔اسی طرح سب ڈویژن نوشہرہ کی ایک 42سالہ خاتون کی ہسپتال میں موت ہو گئی ہے ۔اس کے علاوہ تھنہ منڈی کے راجدھانی علاقہ سے تعلق رکھنے والی خاتون کی بھی ہسپتال میں دوران علاج وفات ہوئی ہے ۔ان کے علاوہ سیوٹ سے تعلق رکھنے والے ایک مریض کی موت ہوئی جبکہ مینڈھر سب ڈویژن کے ایک 28سالہ نوجوان کی بھی وفات ہوگئی ہے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری ٹھا کر شیر سنگھ نے بتایا کہ ضلع میں گزشتہ روز 111نئے کووڈ معاملات سامنے آئے ہیں ۔نئے سامنے آنے والے کیسوں میں سے 38کا تعلق کالا کوٹ سے ہے جبکہ درہال سے 23،سندر بنی سے 21،راجوری سے 18کنڈی سے 7او ر نوشہرہ سے 4افراد کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا ہے ۔دوسری جانب ضلع انتظامیہ راجوری نے ضلع میں 50فیصد دکانیں کھولنے کا بھی حکم نامہ جاری کیا ہے جبکہ اتوار کو ایک حکم نامہ جاری کیا گیا تھا جس کے تحت 10مئی تک لاک ڈائون میں توسیع کی گئی تھی لیکن پیر کے روز مذکورہ حکم نامے کو تبدیل کر دیا گیا ۔
 

تازہ ترین