وادی میں 18ہزار لیٹر فی منٹ آکسیجن پیدا کرنے کی صلاحیت

محکمہ صحت 3279بستروں کیلئے 24گھنٹے آکسیجن فراہم کرسکتا ہے: نوڈ ل آفیسر

تاریخ    4 مئی 2021 (00 : 01 AM)   


پرویز احمد
سرینگر //کشمیر کے 10اضلاع میں قائم15سرکاری اسپتالوں میں18ہزار لیٹر فی منٹ کے حساب سے آکسیجن پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے جن میںسکمز صورہ اور سکمزبمنہ میں 5480، جی ایم سی سرینگر میں 4530اور محکمہ صحت کے 10اسپتالوں میں 7900لیٹر فی منٹ کے حساب سے آکسیجن پیدا ہوتا ہے۔ وادی میںآکسیجن پیدا کرنے کی موجودہ صلاحیت سے مجموعی طور پر3279 مریضوںکو ایک ہی وقت میں آکسیجن فراہم کیا جا سکتا ہے۔ سکمز صورہ اور جے وی سی بمنہ میں 5480لیٹر فی منٹ سے آکسیجن پیدا ہوتا ہے اور اس سے 835بیماروں کو متواتر طور پر 24گھنٹے آکسیجن فراہم کیا جاسکتا ہے۔سکمزصورہ کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق احمد جان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ اسپتال میں قائم آکسیجن پلانٹوں کی صلاحیت 3980 لیٹر فی منٹ کے حساب سے پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے جو اسپتال میں دستیاب 750بستروں کو 24گھنٹے آکسیجن فراہم کرسکتا ہے‘‘۔جے وی سی میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر شفا دیوا نے بتایا کہ اسپتال میں 750لیٹر فی منٹ کے حساب سے آکسیجن فراہم کرنے والے 2پلانٹ موجود ہیں، جن سے مجموعی طور پر 1500لیٹر آکسیجن فراہم کیا جاسکتا ہے۔جن سے مشکل سے ہی 85بستروں کو آکسیجن فراہم کیا جاسکتا ہے۔جی ایم سی سرینگر کے زیر نگرانی کام کرنے والے 3اسپتالوں صدر اسپتال ، سی ڈی اسپتال اور کشمیر ویلی نرسنگ ہوم میں 4530لیٹر فی منٹ کے حساب سے آکسیجن پیدا ہوتا ہے۔ صدر اسپتال سرینگر کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیر چودھری نے بتایا کہ اسپتال میں 3پلانٹوں سے 2600لیٹر فی منٹ کے حساب سے آکسیجن پیدا ہوتی ہے اور یہ 300بستروں کو 24گھنٹے آکسیجن فراہم کرنے کیلئے کافی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ایک اور آکسیجن پلانٹ کی تنصیب جاری ہے اور آئندہ دنوںمیں مزید 1500لیٹر فی منٹ کی صلاحیت کا اضافہ ہوگا۔ سی ڈی اسپتال میں قائم دو آکسیجن پلانٹوں سے مجموعی طور پر 930لیٹر فی منٹ کے حساب سے آکسیجن پیدا ہوتا ہے جبکہ یہاں بھی مزید 1500لیٹر فی منٹ آکسیجن پیدا کرنے والے تیسرے پلانٹ پر کام جاری ہے ۔ سی ڈی اسپتال میں 85بستروں کو آکسیجن فراہم کیا جاتا ہے۔ کشمیر ویلی نرسنگ ہوم میں حالیہ دنوں 1000لیٹر فی منٹ کے حساب سے آکسیجن پیدا کرنے والے ایک پلانٹ کی تنصیب مکمل ہوئی ہے جبکہ یہاں صرف 50بستروں کی صلاحیت موجود ہے۔ محکمہ صحت کے زیر نگرام کام کرنے والے 10ضلع اسپتالوں میں 7900لیٹر فی منٹ کے حساب سے آکسیجن پیدا ہوتا ہے اور آکسیجن کی اس مقدار سے 2000بستروں پر موجود مریضوں کو 24گھنٹے آکسیجن فراہم کیا جاسکتا ہے۔ محکمہ صحت میں آکسیجن پلانٹوں کی دیکھ ریکھ اور پیداوار پر نظر رکھنے کیلئے تعینات ڈاکٹر منظور نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ یکم اپریل سے  2مئی تک آکسیجن کی صلاحیت میں 7000لیٹر فی منٹ کا اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکم اپریل کو محکمہ صحت کے زیر نگرانی کام کرنے والے اسپتال میں آکسیجن کی پیدا وار ی صلاحیت صرف 900لیٹر فی منٹ تھی لیکن محکمہ کی انتھک محنت کی وجہ سے یہ صلاحیت بڑھکر 7900لیٹر فی منٹ تک پہنچ گئی ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت روزانہ 2000بستروں کو 24گھنٹے آکسیجن فراہم کرسکتا ہے جبکہ مزید آکسیجن پلانٹوں کی تنصیب کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانڈی پورہ میں سوموار کو مزید 1000لیٹر فی منٹ آکسیجن پیدا کرنے کی صلاحیت رکھنے والے پلانٹ نے کام کرنا شروع کردیا ہے‘‘۔ڈاکٹر منظور نے بتایا کہ آئندہ  ایک ہفتہ کے اندر آکسیجن پیدا کرنے کی صلاحیت میں مزید 4000لیٹر فی منٹ کے صلاحیت کا اضافہ ہوگا۔ محکمہ صحت کے جن ضلع اسپتالوں میں آکسیجن پلانٹ موجود ہیں ان میں رعناواری اسپتال 1300لیٹر فی منٹ، ضلع اسپتال کولگام 1500لیٹر فی منٹ، ضلع اسپتال پلوامہ میں 1300لیٹر فی منٹ، سب ضلع اسپتال سوپور 1000، سب ضلع اسپتال کپوارہ میں1000، بانڈی پورہ میں 1000لیٹر فی منٹ اور دیگر اسپتال شامل ہے ۔
 

تازہ ترین