پٹن میں ایک خاتون شوہر کے قتل کے الزام میں گرفتار

تاریخ    22 اپریل 2021 (34 : 03 PM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//پولیس نے جمعرات کو شمالی ضلع پٹن کی ایک خاتون کو اس کے شوہر کے قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا۔پولیس نے اس کیس میں ایک اور شخص کو بھی گرفتار کرکے بتایا کہ مذکورہ خاتون کے ساتھ اس کے ناجائز تعلقات تھے اور دونوں نے مل کر قتل کا جرم انجام دیا۔
پولیس کے مطابق 34سالہ محمد الطاف ملک ولد غلام رسول ملک ساکن سیری وارپورہ اور خانہ دامادمرحوم عبد الرزاق گنائی کو 8اور9مارچ کی درمیانی شب اپنے ہی گاوں رینجی پٹن میں مردہ حالت میں پایاگیا تھا۔
بعد ازاں پولیس نے اس معاملے کی تحقیقات کیلئے الطاف کی لاش کو بھی قبر کشائی کے ذریعے نکالا اور اس کا پوسٹ مارٹم کرایا۔پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ اور گواہوں کے بیانات کے بعد اس سلسلے میں پٹن تھانے کے اندر ایف آئی آر نمبر62کے تحت کیس درج کیا گیا۔
پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا کہ الطاف کے قتل میں اس کی بیوی کا ہاتھ ہے جس کو گرفتار کیا گیا۔مذکورہ خاتون نے پوچھ تاچھ کے دوران نہ صرف اقبال جرم کیا بلکہ یہ بھی بتایا کہ اس جرم میں غلام محمد ڈار ولد محمد رمضان ڈار ساکن رینجی نامی ایک شخص بھی ملوث رہا ہے۔ 
پولیس کے مطابق ڈار اور مذکورہ خاتون کے ناجائز تعلقات تھے اور انہوں نے الطاف کو مارنے کا منصوبہ بنایاکر اس پر8مارچ کو عمل کیا۔
بعد میں دونوں نے الطاف کی لاش گاو خانے میں اس طرح ڈالدی تاکہ یہ تاثر پیدا ہو کہ وہ پھسل کر گرنے سے مرگیاہے۔
اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہے۔

تازہ ترین