کورونا معاملات میں امسال کا سب سے بڑا اضافہ| 2204 متاثر، 13فوت

جموں میں رواں سال میں پہلی مرتبہ 10اموات، 900سے زیادہ متاثر

تاریخ    22 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


پرویز احمد
 سرینگر// جموںو کشمیر میں بدھ کو 13ماہ میں پہلی مرتبہ روزانہ متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ریکارڈ 2200کا ہندسہ پار کرکے 2204ہوگئی ہے جبکہ اس دوران اموات میں بھی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔رواں سال میں پہلی مرتبہ وائرس سے 13افراد فوت ہوئے۔ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 44ہزار 77ٹیسٹ کئے گئے جن میں 2204 افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ متاثرین میں  905جموں جبکہ 1299کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیر سے تعلق رکھنے والے 1299 متاثرین میں 1161مقامی سطح پر جبکہ 138افراد بیرون ریاستوں اور ممالک سے سفر کرنے کے بعد وادی پہنچے ہیں۔ تازہ متاثرین میں سرینگر میں612، بارہمولہ میں 232، بڈگام میں 102، پلوامہ میں 64، کپوارہ میں 65، اننت ناگ میں61، بانڈی پورہ میں 14، گاندربل میں 32، کولگام میں 109اور 8کا تعلق شوپیان سے ہے۔ اس طرح کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 90ہزار کا ہندسہ پار کرکے 91ہزار 241ہوگئی ہے۔اس دوران کشمیر میں مزید 3افراد وائرس سے فوت ہوگئے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 1303تک پہنچ گئی ہے۔ جموں میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران  905افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں جن میں 633مقامی سطح پر جبکہ 272بیرون ریاستوں اور ممالک سے جموں پہنچے ہیں جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 61ہزار201تک پہنچ گئی ہے جبکہ جموں صوبے میں بدھ کو رواں سال میں سب سے زیادہ 10افراد فوت ہوئے ہیں جن میں ضلع جموں میں 7، ادھمپور میں 1، کٹھوعہ میں 1 اور سانبہ میں ایک شخص فوت ہوا ہے۔ جموں میں متوفین کی مجموعی تعداد 771ہوگئی ہے۔ جموں و کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 52ہزار کا ہندسہ پار کرکے 152442تک پہنچ گئی ہے جن میں135430صحتیاب، 14928زیر علاج جبکہ 2084فوت ہوگئے ہیں۔ 
 

تازہ ترین