تازہ ترین

مڈل سکول موہری ڈھوڈی کی عمارت 10برسوں سے مکمل نہ ہوسکی | 120بچوں کیلئے کھیل کا میدان ودیگرسہولیات میسر نہیں ،سٹاف پر غیر سنجیدگی کا الزام

تاریخ    8 اپریل 2021 (10 : 12 AM)   


جاوید اقبال
پونچھ //تعلیمی زون سرنکو ٹ کے مڈل سکول موہری ڈھوڈی کی عمارت گزشتہ 10برسوں سے مکمل ہی نہیں کی جارہی ہے جس کی وجہ سے 120سے زائد بچوں کو بیٹھنے کی معقول جگہ ہی دستیاب نہیں ہے ۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ تینوں کمروں پر مشتمل عمارت کی تعمیر 2011میں شروع کی گئی تھی لیکن لینٹر ڈالنے کیے بعد اس کو مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی ہی ظاہر نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ عمارت کو پلستر کرنے کیلئے کئی مرتبہ اعلیٰ حکام سے اپیلیں بھی گئی تاہم ابھی تک کوئی عمل میں کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سکول میں اس وقت 120سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں جن کو کچھ ہی کمروں میںرکھا گیا ہے ۔مقامی سرپنچ چوہدری محمد اکرم نے بتایا کہ سکول میں انتظامیہ کی جانب سے 4ٹیچر تعینات کئے گئے ہیں لیکن ان ٹیچروں میں سے صرف 1ٹیچر سکول میں حاضر رہتا ہے جبکہ ملازمین کی حاضری کیلئے متعلقہ محکمہ کے آفیسران بھی سنجیدہ نہیں ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سکول میں کھیل کا میدان مڈ ڈے میل کیلئے رسوئی اور پانی بھی دستیاب نہیں کروایا گیا ہے ۔مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ بچوں کو مڈ ڈے میل فراہم ہی نہیں کیا جارہا ہے جبکہ متعلقہ ملازمین و آفیسران بچوں کو سہولیات میسر کروانے میں پوری طرح سے ناکام رہے ہیں ۔مقامی لوگوں اور متعلقہ سرپنچ نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ آفیسران سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مڈل سکول کی عمارت کو جلدازجلد معیاری بنانے کیساتھ ساتھ ملازمین کی حاضری کو بھی یقینی بنایا جائے جبکہ ڈیوٹی میں کوتاہی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
 

تازہ ترین