تازہ ترین

جموں کشمیر کے کالجوں میں درس و تدریس کا کام یکم فروری سے

تاریخ    28 جنوری 2021 (21 : 01 PM)   


سید رضوان گیلانی
سرینگر// حکام نے جمعرات کو بتایا کہ جموں کشمیر میں کالیج سطح کے تعلیمی اداروں میں یکم فروری سے درس و تدریس کا کام شروع ہوگا۔
جموں صوبہ کے سرمائی زون میں کالجوں کی سرمائی تعطیلات31جنوری جبکہ وادی کشمیر اور گرمائی زون کے کالجوں کی مذکورہ تعطیلات14فروری کو ختم ہورہی ہیں۔
سیکریٹری ہایئر ایجو کیشن ڈیپارٹمنٹ طلعت پرویز کے مطابق جموں میں کالج سطح کے طالب علموں کی کلاسز یکم فروری جبکہ وادی کشمیر کے کالج سطح کے طالبان علم کی کلاسز15فروری سے شروع ہونگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ درس و تدریس کے عمل کے دوران کورونا پروٹوکول پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور اس سلسلے میں ہر احتیاط ملحوظ رکھی جائے گی۔
یاد رہے کہ مذکورہ ادارے امتحانات اور دیگر انتظامی امور کیلئے پہلے سے ہی کام کررہے ہیں تاہم درس و تدریس کا کام کم و بیش ایک سال سے معطل ہے۔
حکومت نے پہلے ہی سکولوں کو بھی کھولنے اور درس و تدریس کا کام ہاتھ میں لینے کا فیصلہ کر رکھا ہے اور اس سلسلے میں احکامات بھی صادر کئے گئے ہیں۔جموں کشمیر میں سبھی قسم کے تعلیمی اداروں میں گذشتہ برس ماہ مارچ سے درس و تدریس کا کام بند پڑا ہے۔