گاندربل ضلع ہسپتال میں دس ماہ کے بعد کام کاج شروع | گزشتہ سال کورونا متاثرین کیلئے مخصوص کیا گیا تھا

تاریخ    14 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


ارشاد احمد
گاندربل//ضلع ہسپتال گاندربل مسلسل دس ماہ تک کوڈ - 19 مریضوں کے لئے مخصوص رہنے کے بعد مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کیلئے کھول دیا گیا جس کے باعث گاندربل کے عوام نے راحت کی سانس لی۔گزشتہ سال عالمی سطح پر کوروناوائرس وبائی بیماری نے خوف و ہراس کا ماحول قائم کردیا جس کے نتیجے میں 27 مارچ 2020 کو گاندربل میں قائم ضلع ہسپتال کو عام مریضوں کے لئے بند کرتے ہوئے کوروناوائرس میں مبتلا مریضوں کے لئے قرنطین مرکز میں تبدیل کردیا گیاجس کے سبب دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اگرچہ محکمہ صحت نے پرائمری ہیلتھ سنٹر کچھن بیماروں کے لئے وقف کیا تھا تاہم وہاں بنیادی سہولیات کا فقدان ہونے کے نتیجے میں مریضوں کو گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔اس دوران پانچ روز قبل محکمہ صحت کے کمشنر سیکریٹری اتل ڈلو نے اعلان کیا کہ گاندربل ضلع ہسپتال اب کورونا مریضوں کیلئے مختص نہیں رہے گا جس کے بعد محکمہ صحت نے ہسپتال کی صفائی کا کام شروع کرتے ہوئے مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کے لئے بدھوار کو او پی ڈی شروع کی۔ چیف میڈیکل آفیسر گاندربل ڈاکٹر معراج الدین نے اس سلسلے میںکشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بدھوارسے او پی ڈی کو شروع کیا گیا اورآنے والی سوموار سے مکمل طور پر ہسپتال میں کام کاج شروع ہوگا ۔
 

تازہ ترین