گو ل اور سنگلدان بازاروںمیں ہر سو پانی ہی پانی

نالیوں کی حالت ابتر ، کیچڑ سے لوگوں کو چلنے میں پریشانی

تاریخ    14 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


زاہد بشیر
گول//سب ڈویژ ن گول کے سنگلدان اور گو ل مین بازاروں میں نالیوں کی حالت ابتر ہونے کی وجہ سے بارشوں سے سارا کیچڑ اوپر آتا ہے جس وجہ سے لوگوں کو چلنے میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ گول اور سنگلدان بازار سے گزرنے والی دو لین سڑک گریف حکام کے سپرد ہے ۔ اگر چہ سڑک کی حالت اب بہتر بنائی گئی ہے لیکن نالیوں کی حالت ابتر ہے اس سڑک میں نالیاں نہیں بنائی گئی جس وجہ سے بارشوں کے دوران سارا کیچڑسڑکوں پر اُتر آتا ہے ۔سنگلدان بازار میں اگر چہ سڑک کے ایک کنارے نالی بنائی گئی ہے لیکن اس کو صاف نہیں کیا جاتا ہے جس وجہ سے نالی کچڑے سے بھری ہوئی ہے اور بارشوں کے دوران یہ کچڑا سڑکوں پر اُتر آتا ہے ۔ وہیں گول بس اسٹینڈ سے سلبلہ کی طرف جا رہی سڑک کی حالت نالی کی خستہ حالت کی وجہ سے ابتر ہوئی ہے ۔ ساری گندگی سڑک میں آئی ہے اس طرح سے چند ماہ قبل اس سڑک پر ڈالا گیا میکڈم بھی نیست نابود ہو گیا ہے ۔ پی ڈبلیو ڈی کے سپرد یہ سڑک ایک کلو میٹر سے آگے نہایت ہی ابتر ہے ۔ اکثر جگہوں پر نالیاں نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کے ساتھ ساتھ گاڑی والوں کو بھی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور بارشوں کے دوران سارا پانی سڑکوں پر آتا ہے ۔ بازار کے نزدیک اسی سڑک کے بر لب محکمہ تعمیرات عامہ کا دفتر بھی ہے جس کی ہمیشہ نظر اس سڑک پر ہوتی ہے اور تمام انتظامیہ کے ذمہ داران آفیسراس سڑک سے ہر روز گزرتے ہیں اور اس سڑک کی حالت کو نظر انداز کیا جا رہا ہے جو قابل افسوس ہے ۔ گول میں اکثر سڑکوں کی حالت نالیاں نہ ہونے کی وجہ سے ابتر ہوئی ہیں ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ گول اور سنگلدان میں جتنی بھی سڑکیں ہیں محکمہ جات کو چاہئے کہ ان کی نالیوں پر توجہ دی جائے کیونکہ بارشوں کے پانی سے رہائشی کالونیوں کو بھی خطر لا حق ہوتا ہے اور اس سے زرعی اراضی و باغات کو بھی نقصان پہنچتا ہے ۔
 

تازہ ترین