تازہ ترین

رام بن اور بانہال کے رضاکار مسافروں کوراحت پہنچانے میں پیش پیش

تاریخ    13 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


محمد تسکین
بانہال // سرینگر جموں شاہراہ کے بند ہونے کے نتیجے میں مسافروں کو راحت پہنچانے کیلئے بانہال والنٹیزراور QRTرام بن کے رضاکار پیش پیش ہیں اورانہوں نے سرینگر سے ڈوڈہ لیجارہی ایک میت اور جموں سے پلوامہ کشمیرلیجارہی ایک اور میت کوکیلاموڈ کے نزدیک متاثرہ سڑک کے حصے کوپار کرانے میں مدد کرنے کے علاوہ انہیں ایمبولینس گاڑیوں میں بٹھاکر روانہ کیا۔سوموار کوسرینگر سے ڈوڈہ لیجانے والی ایک میت اور اس کے ساتھ افراد کو ان رضاکاروں نے شاہراہ کے متاثرہ حصے کو پار کرایا۔منگلوارکوبھی رام بن کے رضاکاروں پر مشتمل ٹیم اوربانہال والنٹیئرزنے جموں میں فوت ہوئے دربہ گام پلوامہ کے ایک معمر شہری کی میت اوراس کے ساتھ دیگر افراد کو کیلا موڈ کے متاثرہ حصے کو پار کرایا اورانہیں ایمبولینس میں بٹھا کر منزل کی طرف روانہ کیا۔اس طرح کے ہنگامی معاملات سے نمٹنے کیلئے ڈپٹی کمشنررام بن ناظم زئی خان نے ضلع انتظامیہ کو متحرک رکھاہے اوراُن کی ہدایت پر میت کواپنی منزل تک پہنچانے کیلئے ریلوے تعمیراتی کمپنی ABCIکی ایک ایمبولینس کی خدمات حاصل کی گئی تھی۔شاہراہ پر واقع رام بن، مکرکوٹ ، رام سو اور بانہال میں درجنوں رضاکاروں پر مشتمل نوجوانوں کے کئی گروپ اپنی جان جوکھم میں ڈال کر قدرتی آفات خاص کر شاہراہ پر گہری کھائیوں اور دریائے چناب کے سڑک حادثات میں متاثرین کی مدد کرنے میں انتظامیہ کے شانہ بشانہ اور بلا معاوضہ حاضر ہوتے ہیں۔ رام بن اور بانہال کے درمیان شاہراہ پر ان رضاکاروں کی مدد سے اب تک درجنوں سڑک حادثات کے زخمیوں کو نہ صرف نئی زندگی ملی ہے بلکہ ان کی ہی مدد سے چناب اور شاہراہ کی ناقابل رسائی کھائیوں سے کئی کئی روز بعد بھی لاشوں کو ڈھونڈ نکالا جاتا ہے۔